ایم ڈی کیٹ امتحان، امیدواروں کو بہترین سہولیات فراہم کی گئیں :ڈپٹی کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) ملک بھر کی طرح ساہیوال میں بھی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز داخلہ ٹیسٹ MDCAT منعقد ہوا۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کی زیر نگرانی منعقدہ اس امتحان میں 2688 طلبہ و طالبات شریک ہوئے جن میں 1960 طلبہ نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج اور 728 طالبات نے ڈویژنل پبلک سکول میں امتحان دیا۔ٹیسٹ کے دوران ضلعی انتظامیہ ہائی الرٹ رہی اور ٹیسٹ بغیر کسی ناخوشگوار واقعہ کے اختتام پذیر ہوا۔ ڈپٹی کمشنر ساہیوال شاہد محمود نے داخلہ ٹیسٹ کے دونوں امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور امتحانی عمل کی مانیٹرنگ کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ اشفاق الرحمن خان،پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد اختر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نیاز احمد مغل بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے امتحانی مراکز میں سیکورٹی، میڈیکل کیمپ، ٹریفک مینجمنٹ اور دیگر سہولیات کی خود نگرانی کی۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو امتحان کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد بھی دی۔ ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے کہا کہ امتحان کے دوران امیدواروں کو بہترین سہولیات فراہم کی گئیں جبکہ امتحان کے اختتام تک ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران موقع پر موجود رہے۔