لاہور: ( قمرالزمان بھٹی سے ) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی نے ایوان میں ٹماٹر لہرا کر حکومت کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا، اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی نے ایوان میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو ریلیف اور ملاقاتوں سمیت ، بشریٰ اور علیمہ کے بارے میں گفتگو کی۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا پنجاب میں صحت کی سہولیات زوال کا شکار ہیں،ڈی ایچ کیو پاکپتن میں 2ماہ پہلے15 سے 20 نومولود بچوں کی وفات ہو گئی ، صحت کا شعبہ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے اپوزیشن والے گندم سکینڈل پر چیختے رہے،2000 روپے من لی جانے والی گندم 3800 روپے کی ہو چکی ، 5 روپے روٹی کی قیمت بڑھ گئی ، اب ایک ٹماٹر 75 روپے کا ہو چکا، پیاز 200، شملہ مرچ400 روپے تک پہنچ چکی ، نعرہ لگانے سے گڈ گورننس نہیں ہوگی، فیلڈ میں جانا ہوگا۔
معین ریاض قریشی نے کہا ایک سال کے دوران650 ماورائے عدالت قتل عام ہو چکا ، 9 مئی ،24 نومبر کا واقعہ ہو آزاد کشمیر یا مرید کے کا ، جوڈیشل کمیشن بناکرتفتیش کرائی جائے،لاہور کی فضائی آلودگی انتہائی زیادہ ہو گئی، کل آلودگی کا انڈیکس 175 اور آج 225رہا، کے پی وزیر اعلیٰ کو دو بار عدالت کے حکم کے باوجود اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، زور زبردستی کے پی وزیر اعلیٰ کو بانی سے ملاقات سے روکا جا رہاہے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہااگر کہیں چنگاری بھڑکی اور کے پی والوں کو اپنے حقوق چھینے کا احساس ہوا تو بہت نقصان ہوگا، علیمہ خان کو ایک عدالت سے دوسری عدالت لے جایا جا رہا ہے ،شناختی کارڈ ہی بلاک کردیا گیا ہے، ،پارٹی، ورکرز کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے جو اچھا نہیں ،پتہ نہیں کب آپ کے پاﺅں کے نیچے سے کارپٹ کھینچ لیا جائے۔
پنجاب اسمبلی میں مہنگائی کی گونج،اپوزیشن لیڈر نے ٹماٹر لہرادیا



















