پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جعلی دودھ مافیا کیخلاف گرفت کمزور، شہری غیرمحفوظ

لاہور (خبر نگار) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی غیر معیاری اور مضر صحت دودھ سپلائی کرنے والے مافیا کے خلاف گرفت کمزور پڑنے سے صوبائی دارالحکومت کے شہری غیر محفوظ ہو کر رہ گئے ہیں۔ لاہور کے گردونواح سے روزانہ درجنوں گاڑیاں دودھ لے کر شہر میں داخل ہوتی ہیں، مگر فوڈ اتھارٹی کے ناکوں پر تعینات عملہ ان گاڑیوں سے مک مکا کر کے انہیں شہر کے اندر داخل ہونے دیتا ہے۔ ذرائع کے مطابق شیراکوٹ اور سگیاں کے راستے سے آنے والی ایک مخصوص پک اپ گاڑی روزانہ لاہور میں سینکڑوں لیٹر ناقص دودھ سپلائی کرتی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ گاڑی پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ناکے پر تعینات اہلکاروں کے ساتھ ساز باز کرتی ہے۔ ناکے پر محض رسمی کارروائی کے طور پر چند برتنوں میں موجود نسبتاً بہتر کوالٹی کے دودھ کے سیمپل چیک کرائے جاتے ہیں، جبکہ باقی گاڑی میں بھرا ہوا مضر صحت دودھ بغیر کسی جانچ کے شہر میں داخل کر دیا جاتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مخصوص گاڑی کے بارے میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے افسران کو متعدد مرتبہ آگاہ کیا جا چکا ہے، تاہم کسی قسم کی کارروائی نہ ہونے سے کئی شکوک و شبہات جنم لے چکے ہیں۔ اس صورتحال نے اتھارٹی کی کارکردگی اور شفافیت پر سنگین سوالات اٹھا دئیے ہیں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ ناکے سے نکلنے کے بعد گاڑی میں موجود غیر معیاری دودھ کو بہتر کوالٹی کے دودھ میں معمولی مقدار میں ملا کر مکس کر دیا جاتا ہے، جس کے بعد یہی دودھ شہر کی مختلف دکانوں اور ڈیری پوائنٹس پر سپلائی کیا جاتا ہے۔ یہ ناقص دودھ روزانہ ہزاروں شہریوں کی خوراک کا حصہ بن کر ان کی صحت کیلئے خطرہ بنتا جا رہا ہے۔ عوامی حلقوں میں یہ سوال شدت سے اٹھایا جا رہا ہے کہ جب فوڈ اتھارٹی کا عملہ خود ناکوں پر موجود ہے تو پھر مضر صحت دودھ شہر میں کیسے داخل ہو جاتا ہے۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ لاہور کے داخلی راستوں پر تعینات اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور دودھ کی ترسیل کے نظام کی مکمل نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔