لاہور (سٹاف رپورٹر) سرمایہ دارانہ نظام نے دنیا کو تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ آج اگر روس اور چین نہ ہوتے تو امریکی سامراج کا مقابلہ نہیں کیا جا سکتا تھا۔ہمیں سوویت یونین کے انہدام سے سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار معروف دانشور، مصنف اور مورخ ڈاکٹر مصدق حسین نے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں کیا۔روسی مرکز برائے سائنس، تعلیم اور ثقافت کے زیر اہتمام ہونے والی اس تقریب کی صدارت پاکستان میں جمہوریہ کرغزستان کے اعزازی قونصل کاشف یونس مہر نے کی مہمان اعزاز چیئرمین روسی مرکز ڈاکٹر شاہد حسن تھے۔پروفیسر ڈاکٹر اشرف نظامی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ ڈاکٹر اشرف نظامی نے کہا کہ آج کی سیاست معیشت اور اقتصادیات کے گرد گھومتی ہے جبکہ نظریات بھی ساتھ ساتھ چلتے ہیں۔ڈاکٹر مصدق حسین نے کہا کہ سوویت یونین کے ٹوٹنے کی بہت سی وجوہات میں سے ایک بڑی وجہ روسی پولٹ بیورو کی عوام مخالف پالیسیاں، انسانی حقوق پر ناروا پا بندیاں تھیں جن کے باعث لوگوں میں حکومت کے خلاف نفرتیں پیدا ہو گئی تھیں۔سب سے بڑی بات یہ ہے کہ سوویت یونین کو توڑنے کی سازش میں خود روسی کمیونسٹ پارٹی کے بعض لیڈر بھی شامل تھے۔انہوں نے کہا کہ بڑی ریاستیں ہی سامراج کا مقابلہ کر سکتی ہیں کیونکہ چھوٹی ریاستوں پر سامراج غالب آ جاتا ہے۔ڈاکٹر شاہد حسن نے کہا ڈاکٹر مصدق انقلابی سوچ رکھنے والے مفکر اور دانشور ہیں۔شروع ہی سے ترقی پسند تحریک سے وابستہ رہے۔انہوں نے ڈاکٹر مصدق حسین کی علمی اور ادبی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے انہیں بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔ پاک رشیا فرینڈشپ فورم کے صدرڈاکٹر افتخار بخآری نے کہا کہ ڈاکٹر مصدق حسین کے ساتھ ہم زمانہ طالب علمی سے لے کر آج تک استحصالی نظام کے خلاف جدو جہد کرتے چلے آ رہے ہیں۔جس کی میں نے قیدو بند کی صعوبتیں برداشت کر کے بھاری قیمت بھی ادا کی البتہ یہ جدوجہد آج بھی جاری ہے۔ دیگر اظہار خیال کرنے والوں میں پشکن ایورڈ یافتہ ادیب ڈاکٹر نجم السحر بٹ ، ڈاکٹر عبدالسلام عارف بھی شامل تھے۔اپنے صدارتی خطاب میں کاشف یونس مہر نے کہا کہ سیاست کو سمجھنے کیلئے مارکس کے نظریات اور اس کی فکر کو سمجھنا ضروری ہے۔سماج کو آگے بڑھانے کیلئے ہمیں قوم کی فکری رہنمائی کرنا ہوگی۔تقریب کے دیگر شرکاءمیں ڈاکٹر نادر خان، محمد آصف، حسنین رضا مرزا، ملک ظفر، مبینہ عصیم اور دیگر شامل تھے۔
سرمایہ دارانہ نظام نے دنیا کو تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا: ڈاکٹر مصدق حسین



















