گڈ ،بیڈ طالبان کی تھیوری ناکام ،کوئی حملہ کرے گا تو ادھار نہیں رکھیں گے‘رانا ثنا
لاہور: (اپنے رپورٹر سے)مشیر وزیراعظم رانا ثنا نے کہاہے پالیسی بڑی واضح ہے کسی پر حملہ آور نہیں ہوں گے اگر کوئی حملہ کرےگا تو ادھار نہیں رکھیں گے،گڈ اور بیڈ طالبان کی تھیوری ناکام ہو چکی۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا نے کہاپاکستان کبھی جنگ میں پہل نہیں کرے گا مگر جارحیت پرادھاربھی نہیں رکھے گا، پاکستان کی طرف کسی کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھنے دیں گے،کسی بھی دہشتگردی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، اب شہدا کے مزید جنازے نہیں اٹھا سکتے،افغانستان کے روئیے پرانتہائی افسوس ، دہشتگرد کارروائیاں پہلے بند کی جائیں پھر بات ہوسکتی ہے۔
مشیر وزیراعظم نے کہا 40سال سے دہشتگردوں کےساتھ مذاکرات ہی ہوتے آئے ہیں اور کیا نتیجہ نکلا، دہشتگردی کسی طور قابل قبول نہیں، افغانستان کا ہمیشہ ساتھ دیامگر جواب میںہمیشہ تکلیف ملی ،ن لیگ سیاست کو فروغ دینے والی جماعت ہے، کسی پر پابندی لگانے کے حامی نہیں مگر مذہبی جماعت کے احتجاج کے دوران 3 بار ہلاکتیں ہوئیں ، پنجاب حکومت کی پابندی سفارش پر وفاقی کابینہ اپنا فیصلہ کرے گی، انتشار اور فتنہ کسی کو نہیں پھیلانے دیں گے۔



















