لاہور: ( ) وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے پنجاب کابینہ نے ٹی ایل پی پر پابندی کی منظوری دے دی، سمری وفاقی حکومت کو بھجوا دی گئی ۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا پاکستان میں مذہبی جماعتیں سیاسی عمل کا حصہ رہی ہیں، مذہب کے نام پر اپنی سوچ مسلط کرنا قابل قبول نہیں، ایک مذہبی جماعت کے احتجاج کا کوئی جواز نہیں ، پاکستان میں کچھ عرصے سے انتہا پسندی کی روایت چل پڑی جس کا دل چاہتا ہے اپنا مطالبہ لے کر سڑک پر نکل آتا ہے اور شاہراہ بند کر دیتا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا مذہبی جماعت کے احتجاج نے خونی رنگ لیا، مذہبی جماعت نے ایسا احتجاج پہلی بار نہیں کیا، احتجاج کی کال تب دی گئی جب غزہ میں جنگ بندی ہو چکی تھی، شہبازشریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نےغزہ جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا ریاست اور حکومت نے فیصلہ کیا پاکستان ایسے احتجاج کا متحمل نہیں، وزیراعلیٰ مریم نواز روزانہ عام آدمی کی زندگی میں آسانی لانے کیلئے منصوبے شروع کر رہی ہیں، کسان کارڈ مل رہے ہیں،90 ہزار گھروں کی تعمیر جاری ہے۔
ٹی ایل پی پر پابندی ، پنجاب کابینہ نے منظوری دے دی



















