لاہور(اپنے نمائندے سے) وزیراعلیٰ پنجاب کا شہریوں کو نکاسی آب کا منصوبہ ناکام ہونے کا خدشہ، واسا اقبال زون و نشتر ٹاﺅن میں گٹروں کے مین ہولز کور غائب علاقہ مکینوں کے حادثات کا سبب بن گیا، انسانی جانی و مالی نقصان کا خدشہ، واسا زونز انتظامیہ کا ایم ڈی واسا کو ”سب اچھا“ کی رپورٹ پیش کرنے کا انکشاف کیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کا ایل ڈی پی کی مد میں اربوں روپے کے فنڈز عوامی ریلیف فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کو واسا اقبال زون اور نشتر زون میں ناکام کرنے کے عملی اقدامات دیکھنے میں آرہے ہیں۔ سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن حکومتی منصوبہ تکمیل میں تاخیر اور مختلف اہم شاہراﺅں پر لاہوریوں کیلئے مسائل پیدا کررہا ہے۔ واسا زونز انتظامیہ کی جانب سے سیوریج سسٹم کے مین ہولز کور پر ڈھکن کی تنصیب تاحال نہ کی جا سکی۔ اس حوالے سے اقبال زون کے مین بلیوارڈ جہاں زیب بلاک 129-130کالی کوٹھی پارک سے ملحقہ روڈ پر مین ہولز ڈھکن غائب ہیں جو کہ کسی وقت بھی انسانی جانی و مالی نقصان کا سبب بن سکتے ہیں اسی طرح نشتر زون محمد علی چوک کے قریب بھی مین ہول ڈھکن غائب ہے جس پر شہریوں کی جانب سے متعدد بار شکایات کی گئی لیکن زونز انتظامیہ کی طرف سے اس پر کسی قسم کے عملی اقدامات نہیں کئے جا سکے واسا انتظامیہ کی جانب سے تمام زونز کو احکامات جاری کر رکھے ہیں کہ یومیہ کی بنیاد پر مین ہولز کی رپورٹ فراہم کی جائے بصورت دیگر جس علاقہ میں مین ہولز کور غائب ہوا اس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ زونز انتظامیہ پر ہو گی اور سخت کارروائی کی جائیگی۔ اس کے برعکس اقبال اور نشتر زونز میں مین ہولز کور غائب ہیں جو کسی وقت بھی بڑے حادثہ کا سبب بن سکتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ متعدد مرتبہ واسا انتظامیہ کا بتایا کہ مین ہولز کور غائب ہیں لیکن ان کی جانب سے ٹال مٹول سے کام لیا جا رہا ہے اور ساتھ ہی یہ بتایا گیا ہے کہ مین ہولز کور سٹاک ختم ہوا ہے جیسے ہی ملتا ہے مسئلہ حل کر دیں گے لیکن کئی روز گزرنے کے بعد بھی مین ہولز کور نصب نہیں کئے جا سکے۔ واسا ترجمان کا کہنا ہے اقبال زون اور نشتر زون کے جن علاقوں کی آپ نے نشاندہی کی ہے وہ اہم شاہراہ ہیں اس پر متعلقہ زونز ڈائریکٹرز کو اس مسئلہ کو جلد حل کرنے پر ہدایات جا ری کر دی جائیں گی ۔
نشتر، اقبال ٹاﺅن زون میں گٹروں کے ڈھکن غائب، قیمتی جانوں کے ضیاع کا اندیشہ



















