غزہ امن معاہدہ پر عملدرآمد کے ذمہ دار امریکہ اور مصالحتی ممالک ہونگے: نعیم الرحمن

اسلام آباد(بیورو رپورٹ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ غزہ امن معاہدہ حماس اور اہل فلسطین کی عظیم جدوجہد کا ثمر ہے، معاہدہ پر اسرائیل سے عملدرآمد کی تمام ذمہ داری امریکہ اور مصالحت کرانے والے ممالک کی ہوگی۔ ناکہ بندی کھلنے پر الخدمت فاونڈیشن غزہ میں تین ارب روپے کی لاگت سے ہسپتال بنائے گی اور پاکستان سے ایک ارب ڈالر مالیت کی امداد اکٹھی کرکے اہل فلسطین کو بھیجیں گے۔ اسلام آباد میں بچوں کے غزہ ملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستانی قوم مقدس سرزمین پر دو نہیں واحد ریاست فلسطین کا قیام چاہتی ہے۔ ہم اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔ مارچ سے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں اسلم، امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا اور پرائیویٹ سکولوں کی ایسوسی ایشنز کے رہنماوں نے بھی خطاب کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے مارچ میں شریک ہزاروں بچوں، ان کے والدین اور اساتذہ کو اہل فلسطین کے حق میں آواز بلند کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کا معاہدہ جس پر حماس اور اسرائیل نے برابری کی سطح پر دستخط کیے ثابت کرتا ہے کہ آزادی کبھی بھی گھر بیٹھنے اور باتیں کرنے سے نہیں ملتی، اس کیلئے جدوجہد کرناپڑتی ہے۔ فلسطینیوں نے قربانیاں دے کر ثابت کیا ہے کہ وہ عظیم قوم ہیں اور مسلمانوں کے قبلہ اول کے محافظ ہیں، مسجد اقصی پر صہیونیوں کا قبضہ ہے، اسرائیل قابض اور ناجائز ریاست ہے۔ اسرائیل امریکہ کی مدد سے اپنے ناپاک ارادوں کی تکمیل کیلئے مسلمانوں پر حملے کر رہا ہے، اسرائیل کی تمام کارروائیوں میں امریکہ اس کا پشتیبان ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ فلسطین پر دو سال تک بمباری کی گئی، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنا کر شہیدکیا گیا، لیکن فلسطینیوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے، اسرائیل دوسال بمباری کرنے کے باوجود حماس سے ایک قیدی بھی نہیں چھڑاسکا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حماس نے قربانیاں دیکراپنے وجود کو تسلیم کرایا ہے، حماس اور اہل غزہ کی مزاحمت کو سلام کرتے ہیں، حماس فلسطین کی عوامی اورجمہوری قوت ہے جس کا راستہ روکا گیا، حماس نے آزادی کا دفاع کیلئے مزاحمت کا آغاز کیا، یہ حق اسے اقوام متحدہ سے ملتا ہے۔ انہوں نے کہا حالیہ معاہدے کے بعد اب ڈونلڈ ٹرمپ کا امتحان ہے کہ وہ کیسے اسرائیلی جارحیت کو روکتا ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد میں حماس کو دفتر کھولنے کی اجازت دی جائے۔ وزیراعظم شہباز شریف صرف ایک ریاستی حل کی بات کریں۔ ایٹمی طاقت ہو نے کیناطے پاکستان امت کے مسائل کے حل کیلئے قائدانہ کردار ادا کرے، مسلمان ممالک متحد ہونے کا اعلان کردیں تو کسی کو مسلمانوں پر حملے کی جرات نہ ہو۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ خود فلسطینیوں کیلئے امداد اکٹھی کریں گے۔ دریں اثنا حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ اہل غزہ کی استقامت کا ثمر ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فورم ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ قیدیوں کا تبادلہ ہوگا اور بڑے پیمانے پر امداد کے داخلے کی اجازت ہوگی۔ فلسطینیوں نے اپنے دفاع کے حق کا سمجھوتہ کیے بغیر جنگ بندی کا یہ مطالبہ منوایا ہے۔ حماس کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ مشکل ترین حالات میں اپنی آزادی اور خودمختاری پر کمپرومائز کیے بغیر معاہدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب امریکا، مسلم ممالک بالخصوص ثالثوں کی ذمہ داری ہے وہ اسرائیل کو اس معاہدے پر عملدرآمد کا پابند بنائیں تاکہ غزہ میں نسل کشی کا سلسلہ ہمیشہ کے لئے ختم ہو، تعمیر نو کا آغاز ہو اور ازاد فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں آئے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ نیتن یاہو امن کا دشمن ہے اس کے ہر قدم پر نظر رکھنا بین الاقوامی برادری کی ذمے داری ہے۔