پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) تناو، وزیراعظم نے سینئر پارٹی رہنماوں کو طلب کر لیا

اسلام آباد (مشرق نیوز) پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) میں سیز فائر کی کوششوں کیلئے وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی کے سینئر رہنماوں کو طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق اس دوران پنجاب اور سندھ کی سیاسی کشیدگی پر بات چیت ہوگی۔

وزیراعظم شہباز شریف کو قومی اسمبلی اجلاس کے دوران ہونے والے پیپلز پارٹی کے واک آوٹ سے متعلق آگاہ کیا جائیگا، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما پیپلز پارٹی کے تحفظات سے آگاہ کریں گے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی آج وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے اور صدر مملکت کا پیغام پہنچائیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ صدر زرداری نے محسن نقوی کو پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان بڑھتے سیاسی تناو کو کم کرنے کا ٹاسک دیا ہے، وزیر داخلہ محسن نقوی پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان حالیہ تناو میں کمی پر بات کریں گے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز محسن نقوی نے بلاول ہاوس کراچی میں صدر آصف زرداری سے ملاقات کی تھی جس میں سیاسی صورتحال اور سندھ و پنجاب حکومتوں کے درمیان پیدا ہونے والے تناو پر گفتگو ہوئی۔

صدر مملکت آصف زرداری نے وزیر داخلہ کو موجودہ صورتحال میں مثبت کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔ واضح رہے کہ پنجاب اور سندھ میں سیلاب متاثرین کی امداد کے حوالے سے اختلافات شروع ہوئے جس پر دونوں صوبائی حکومتوں کی جانب سے ایک دوسرے پر تنقید کی جا رہی ہے۔

سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت کا مطالبہ ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے کی جائے تاہم پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بی آئی ایس پی کے ذریعے امداد سے انکار کیا ہے۔ معاملے پر تاحال دونوں صوبائی حکومتوں کے وزرا کی جانب سے مسلسل پریس کانفرنس کی جا رہی ہیں۔