بلاول بھٹو بطور وزیر خارجہ وزیراعظم کی جڑیں کھوکھلی کررہے تھے،عظمیٰ بخاری

لاہور:(اپنے رپورٹر سے)وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے شرجیل میمن کا چیلنج قبول کرتے ہوئے کہا جگہ اور ٹائم آپ کی پسند کا ہوگا لیکن خود آئیے گا ضرور، کسی پراکسی کے پیچھے مت چھپیے گا، پنجاب کے سیلاب متاثرین پر گندی سیاست کا بیانیہ ناکام ہونے کے بعد اب وزیراعظم کےخلاف پھپھے کٹنیوں والا بیانیہ لے آئے ، آپ کو پنجاب کے سیلاب متاثرین پر سیاست کرنے کےلئے وزیراعظم نے کہا تھا؟۔

عظمیٰ بخاری نے کہا بلاول بھٹو وزیر خارجہ ہوتے ہوئے اپنی جماعت ،وفاقی حکومت اور وزیراعظم کی جڑیں کھوکھلی کررہے تھے،جن کے اپنے گھرباپ بیٹے کی نہیں بنتی وہ ہمارے گھر میں فضول طعنے کرکے اپنے گناہوں پر پردہ ڈالنا چاہتے ہیں،اتنے بچے ہیں پنجاب حکومت آپ کو وفاق کےخلاف سازش کرنے کی طرف دھکیل رہی اور آپ حصہ نہیں بن رہے؟ آپ خود وفاق ،پنجاب کے خلاف سازش کررہے ہیں،جب پنجاب کی ترقی سے جلنے لگتے ہیں تب آپ سازشیں شروع کردیتے، کارکردگی پوچھی جائے تو صوبائیت کارڈ کھیلنا شروع کردیتے ہیں، جنوبی پنجاب ،بینظیر انکم سپورٹ کارڈ کھیلنے کو سیاست نہیں غلاظت کہتے ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا جنوبی پنجاب اندرون سندھ کے کسی بھی علاقے سے زیادہ بہتر و ترقی یافتہ ہے، بلاول ،آصفہ سمیت پوری پیپلزپارٹی پنجاب کو مخاطب کرکے بی آئی ایس پی کا کہہ رہے پھر بھی ڈھٹائی سے کہہ رہے ہم تو وفاق سے بات کرتے ہیں،کراچی کا کچرا اٹھانے، سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ یا سولر پینل منصوبے میں کرپشن کی بات کریں تو لسانیت ،مرسوں مرسوں کارڈ لے آتے ہیں، آپ پنجاب کے معاملات میں گھس کے مداخلت کررہے ہیں، اتنے معصوم مت بنیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا وفاق ،پنجاب کو دھمکیوں سے اور پیڈ احتجاج کرواکے بلیک میل کرنا آپ کا طرہ امتیاز ہے، آپ ہیں کون جو پنجاب کو حکم دیں گے،اپنے حکم ،مشورے جیب میں رکھیں،پنجاب میں جب بھی بلدیاتی انتخابات ہوں گے کراچی جیسے بوگس نہیں ہوں گے،اپنی ڈیڈ لائن جیب میں رکھیں، آپ ایک صوبے کے اندر زبردستی گھس کر لڑنے کی کوشش کررہے ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے واضح کیا میرا پانی میری مرضی بالکل ایسے ہی ہے جیسے مرسوں مرسوں پانی نہ دیسوں، آپ دن رات پانی پر مرسوں مرسوں کریں اور ہمیں کہیں پنجاب میں پانی آپ کی مرضی سے استعمال ہوتو ایسا ہوگا نہیں،وڈیرہ ازم ،غریب ہاریوں کے بچوں کو پڑھنے نہ دینے سے الیکشن میں پذیرائی نہیں ہوتی،آپ مریم نواز کی مقبولیت سے خوفزدہ نہ ہوتے تو چھٹی کے روز بھی پریس کانفرنس کی ضرورت نہ ہوتی،کیا پیپلزپارٹی پنجاب اور سندھ نے سیلاب متاثرین کی ایک دھیلے کی بھی مدد کی؟ آپ نے سیلاب متاثرین کیلئے طعنے بھیجے ،محرومیوں پر تماشا لگایا یہ پنجاب ہے سندھ نہیں جہاں دنوں کا کام سالوں میں ہوتا، پنجاب میں سالوں کا کام دنوں میں ہوتا ہے،عظمیٰ بخاری نے شرجیل میمن کو جواب دیتے ہوئے کہا آپ ابھی تک 2022 کا سیلاب بیچ رہے ہیں، پنجاب میں جہاں سروے ہوئے وہاں چیکس ملنے شروع ہوگئے ،ریلیف ملنے والے مریم نواز کو دعائیں دے رہے ہیں،کبھی پنجاب سے نفرت و تعصب کی عینک اتار کر دیکھ لیجئے۔