پی پی پی ترجمان گندم ،سیلاب پر سیاست کریں گے تو جواب بھی ملے گا، مریم اورنگزیب


لاہور:(اپنے رپورٹر سے)سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے پیپلز پارٹی کے دوست سیلاب کی شدت و پنجاب کے سب سے بڑے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن سے اچھی طرح آگاہ ہیں ،ترجمان گندم ،سیلاب پر سیاست کریں گے تو جواب بھی ملے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہاپی پی ترجمانوں نے بلاجواز تنقید کی تو جواب سننے کا حوصلہ بھی رکھیں،ریکارڈ گواہ ہے سیلاب ،گندم پر سیاست پی پی ترجمانوں کی جانب سے شروع کی گئی،رائے دینے ، نشان دہی کرنے اورتاریخ کے بدترین سیلاب کی صورتحال پر سیاست کرنے میں فرق ہوتا ہے،مریم نواز کا مینڈیٹ ہے پنجاب کے عوام کی آواز بنیں، حق کا دفاع کریں، پنجاب کے عوام کا دفاع مریم نواز کا فرض و حق ہے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہابلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی سیلاب سے نمٹنے و متاثرین کی مدد پر تعریف کی، ٹیم بن کر تباہ کن تاریخی سیلاب میں کام کیا، چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی ،رکن قومی اسمبلی نبیل گبول نے بھی مریم نواز کی کاوشوں کا اعتراف کی لیکن پی پی ترجمانوں کو تعریف ہضم نہیں ہوئی اور اگلے دن بلا جواز تنقید شروع کر دی،گورنر پنجاب جہاں گئے پنجاب کی انتظامیہ نے سیلاب متاثرین کی مدد سے آگاہ کیا، صوبوں کی ایک دوسرے پر بلاجواز تنقید ملکی مفاد میں نہیں ،پیپلز پارٹی کو سمجھنا ہو گا۔