پنجاب کے تمام واساز میں ڈیجیٹل رین گیج لگانے، کنزیومر پراپرٹیز کی جیو ٹیگنگ کا فیصلہ

لاہور(اپنے نمائندے سے) پنجاب کے تمام واساز میں واسا لاہور کی طرز پر جدید آئی ٹی اصلاحات نافذ کرنے سمیت آئندہ مون سون سے قبل تمام واساز میں ڈیجیٹل رین گیج نصب کئے جانے اور ریونیو میں بہتری کیلئے تمام واساز میں کنزیومر پراپرٹیز کی جیو ٹیگنگ کرنے کا فیصلہ ،واسا لاہور کے آئی ٹی ماہرین کی نگرانی میں پنجاب واساز کے سنٹرل ڈیش بورڈ تیار کئے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری ہاوسنگ کیپٹن (ر) نور الامین مینگل کی ہدایات پر ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں واسا کے تمام محکموں میں جدید ٹیکنالوجی اور آئی ٹی سسٹمز کے نفاذ کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے ہیں۔ اس حوالے سے ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد نے کہا کہ آئندہ مون سون سے قبل تمام واساز میں ڈیجیٹل رین گیج نصب کئے جائیں گے تاکہ بارشوں کی مانیٹرنگ جدید اور موثر انداز میں کی جا سکے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کے تمام واساز میں جنگی بنیادوں پر آئی ٹی اصلاحات نافذ کی جائیں گی اس مقصد کیلئے ڈسپوزل سٹیشنوں اور ٹیوب ویلز کو سکاڈا سسٹم پر منتقل کیا جائیگا جبکہ صوبے بھر کے واسا دفاتر اور انفراسٹرکچر کی مانیٹرنگ ایک مرکزی ڈیش بورڈ کے ذریعے کی جائیگی۔ ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد نے کہا کہ آئندہ مون سون سے قبل تمام واساز میں ڈیجیٹل رین گیجز نصب کیے جائیں گے تاکہ بارشوں کی مانیٹرنگ جدید اور موثر انداز میں کی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام انڈر پاسز اور اہم پوائنٹس کو لائیو کیمروں کے ذریعے مانیٹر کیا جائیگا۔ ریونیو میں بہتری کیلئے تمام واساز میں کنزیومر پراپرٹیز کی جیو ٹیگنگ کی جائیگی جبکہ بلنگ سسٹم کو رئیل ٹائم بینکنگ پر منتقل کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ شہریوں کی سہولت کیلئے تمام واساز میں 1334 کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم، ڈیجیٹل کمپلینٹ سنٹرز اور ایک سنٹرلائزڈ اینڈرائڈ موبائل ایپلی کیشن متعارف کرائی جائے گی اجلاس میں ڈیسلٹنگ آپریشن کو موثر انداز میں یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ ایم ڈی واسا لاہور نے بتایا کہ واسا لاہور کے آئی ٹی ماہرین کی نگرانی میں پنجاب واساز کے سنٹرل ڈیش بورڈز تیار کئے جائیں گے تاکہ تمام ادارے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے زیادہ شفاف اور تیز رفتار سروسز فراہم کر سکیںاجلاس میں ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر پی اینڈ ای قیصر رضا ،ڈائریکٹر واسا لاہور مدثر جاوید سمیت صوبے بھر کے تمام واساز کے ایم ڈیز نے شرکت کی ۔