اسلام آباد (مشرق نیوز) چیئرمین پاک چائنا انسٹیٹیوٹ مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ پاکستان کو گریٹر اسرائیل اور اکھنڈ بھارت گٹھ جوڑ سے چوکنا رہنا ہوگا۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان چائنا انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین مشاہد حسین سید نے کہا کہ خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں اسلام آباد بھی اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے ممکنہ اہداف میں شامل ہو سکتا ہے، لہٰذا غیر معمولی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی امن اور علاقائی سلامتی کیلئے سب سے بڑا خطرہ گریٹر اسرائیل اور اکھنڈ بھارت کے گٹھ جوڑ سے ہے کیونکہ دونوں فریق انفرادی طور پر اپنے عزائم میں ناکام ہو چکے ہیں۔ دریں اثنا اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق مستقل مندوب منیر اکرم نے خبردار کیا ہے کہ بھارت اپنی کمزور ہوتی ہوئی عالمی ساکھ کو سہارا دینے کیلئے پاکستان کو نشانہ بنانے کی کوشش کر سکتا ہے۔
پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اپنی پالیسیوں پر تنقید سے بچنے کیلئے پاکستان کے خلاف اقدامات کر سکتا ہے، اسلئے پاکستان کو مکمل طور پر چوکس اور ہر وقت تیار رہنا چاہیے۔
گریٹر اسرائیل اور اکھنڈ بھارت گٹھ جوڑ سے چوکنا رہنا ہوگا:مشاہد حسین سید



















