شہباز کو سعودی جہازوں کی سلامی ، ایک وزیراعظم کو جہاز سے اتارا گیا، مریم نواز
لاہور ،سرگودھا:(اپنے رپورٹر سے،ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز نے سرگودھا میں الیکٹرک بس پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں بسوں کی تعداد بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے بڑے اعلانات کردئیے،مریم نواز کی ہدایت پر شہر میں 60،سرگودھا ڈویژن کےلئے105 الیکٹرو بسیں چلائی جائیں گی، وزیراعلیٰ نے خواتین، بزرگوں،طلبہ ، سپیشل افراد کےلئے مفت سفر ،سیلاب سے پکا گھر مکمل طور پر گرنے پر 10،گھر کا کچھ حصہ گرنے پر 5 لاکھ روپے دینے اور سیلاب متاثرین کی بحالی کےلئے 2ہفتے میں آپریشن شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
مریم نواز نے کہاجب تک پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ آخری فرداپنے گھر میں جاکر آباد نہیں ہوتا چین سے نہیں بیٹھوں گی،ملک میں پچھلے 4،5سال نالائق و ناہل حکمران مسلط رہے، ہر روز بری خبریں ملتیں، کبھی ڈالر مہنگا ہونے ، ڈیفالٹ اور کبھی دوسرے ملکوں سے جھگڑنے کی باتیں آتی تھیں، نوازشریف کا دور واپس آیا تو خوش خبریوں کا سلسلہ پھرسے چل پڑا،آٹے کے نرخ بڑھنے سے روکنے کےلئے ہر روز کوشش کرتی ہوںتاکہ غریب بھوکا نہ سوئے،دہلیز پر دوائیاں پہنچارہے ہیں،کلینک آن ویل ،فیلڈ ہسپتال گھر گھر جارہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کارڈیالوجی، کینسر، ٹی بی،دل کے امراض اور انسولین کی دوائیاں لوگوں کے گھروں میں پہنچ رہی ہیں، دورہ چین کے دوران نمائش میں کو آبلیشن مشین دیکھی تو لانے کا تہیہ کیا، کوآبلیشن مشین سے بغیر سرجری کیمو ، ریڈیو تھراپی کینسر کاعلاج ممکن ہے،میو ہسپتال کے ڈاکٹر، انجینئر ، سٹاف کوچین سے ٹریننگ کرائی،کوآبلیشن سنٹر بنایا تاکہ مریضوں کو تکلیف برداشت نہ کرنی پڑے، لاہور کے بعد راولپنڈی ،ملتان میں کوآبلیشن مشین لارہے ہیں،دوسرے مرحلے میں سرگودھا میں کینسر کا علاج شروع کریں گے۔
مریم نواز نے کہا پاکستان سٹاک مارکیٹ نئے ریکارڈ بنارہی ہے، عالمی ادارے معیشت میں بہتری ،مہنگائی کم ہونے کی باتیں کرتے ہیں، آپریشن بنیان مرصوص میں کامیابی پر دنیا بھر میں پاکستان کی دھاک بیٹھ گئی، ایک شخص جگہ جگہ جاکر لڑائیاں کراتا تھا اب سیاسی ،عسکری قیادت نیک نیت لوگوں پر مشتمل ہے،شہباز شریف کو سعودی جہازوں نے سلامی دی، ایک وزیراعظم کو الٹی سیدھی حرکتوں پر جہاز سے اتارا گیا،سعودی عرب نے پاکستان کےلئے تعریفی گانابنا کرریلیز کیا،ریاض میںسبز پرچموں کی بہار تھی، عزت افزائی کی وجہ حکمران کا دھرتی سے پیار ہے،محض نعرے مارنے سے عزت نہیں ملتی۔
وزیراعلیٰ نے کہا وزیراعظم شہباز شریف کی انتھک محنت ، بصیرت کو سلام پیش کرتی ہوں اورولی عہد محمد بن سلمان ، سعودی عرب کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پاکستان کےساتھ سعودی عرب کا تعلق لازوال رشتے میں بدل چکا ،آنے والی نسلوں کو نصاب میں بتایا جائے گا، الیکٹرک بس بیٹری چارج کرنے سے چلے گی، دھواں نہ ہونے سے ماحول میں بہتری آئے گی۔
مریم نواز نے کہا پنجاب میں بدترین سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، 3دریاوں میں سب سے بڑا سیلاب آیا،بھارت نے پانی چھوڑ ا، سب نے ملکر دن رات ایک کر دیئے،27اضلاع ،5ہزار سے زائد گاوں متاثر ہوئے، تیاری نہ ہوتی تو سیلاب سے بڑا نقصان ہوتا،25لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ،متاثرین کو خیموں میں آباد کیا ، 10،10میل دور کرجاکر لوگوں کو کھانا میڈیسن ،دودھ پہنچایا،25 لاکھ افراد ہی نہیں ،22 لاکھ مویشیوں کو بھی ریسکیو کیا،بھارت 10 گنا بڑی معیشت رکھتا ہے لیکن پاکستان نے وہ دھول چٹائی جس کوبرسوں یاد رکھا جائے گا، صرف بیان داغنے سے عزت نہیں ہوتی، اڈیالہ والے کو پتہ نہیں پاکستان آگے بڑھ گیا اورفتنہ قصہ پرینہ بن چکا۔
وزیراعلیٰ نے کہااگلے ماہ نواز شریف سے انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کا افتتاح کرنے کی درخواست کروں گی،افسوسناک بات ہے سرگودھا میں سرکاری ٹرانسپورٹ سسٹم کبھی بنایا ہی نہیں گیا،الیکٹروبس خواتین کےلئے باعزت، محفوظ اور آرام دہ سواری ہے،میانوالی میں الیکٹروبس کی خوشی کو میلے کی طرح منایا گیا،ماضی میں ترقی بڑوں شہروں سے شروع ہوکر وہیں ختم ہوجاتی تھی اب ترقی پورے صوبے میں پھیلے گی۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی زیر صدارت خصوصی اجلاس میںسیلاب متاثرین کی بحالی کا آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا،مریم نوازنے امداد کیلئے آسان ترین طریقہ کا ر وضع کرنے کی ہدایت کردی، اجلاس میںسیلاب متاثرین کیلئے سروے فارم،موبائل ایپ ،مانیٹرنگ ڈیش بورڈ قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا، وزیراعلیٰ ڈیش بورڈ پر خود امدادکی مانیٹرنگ کریں گی۔
مریم نواز نے کہا حکومت سیلاب متاثرین کی بھر پورامداد کیلئے یکسو ہے،حکومت کو سیلاب متاثرین تک خود پہنچنا چاہیے،امداد کی ترسیل کیلئے زیادہ کیمپ ،پوائنٹس قائم کیے جائیں،دل کھول کر سیلاب متاثرین کی مدد کرنی ہے،ہر فرد کے نقصان کا ازالہ کریں گے تاکہ کوئی ریلیف سے محروم نہ رہے۔



















