لاہور (خبر نگار) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ناقص حکمت عملی اور دکھاوے پر مبنی کارروائیوں کے باعث یہ ادارہ عوامی اعتماد پر پورا اترنے میں بری طرح ناکام ہو چکا ہے۔ فوڈ سیفٹی کے نام پر بڑے بڑے دعوے اور کاغذی کامیابیاں تو ہر سال سامنے آتی ہیں مگر حقیقت یہ ہے کہ بازاروں میں آج بھی ناقص خوراک، ملاوٹ شدہ دودھ اور جعلی مشروبات کی بھرمار ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مالی سال 2025-26ءکیلئے اتھارٹی کا 41 ارب 30 کروڑ روپے کا بجٹ منظور ہوا ہے جس میں 11 ارب 30 کروڑ ترقیاتی اور 30 ارب جاری اخراجات شامل ہیں، لیکن اتنے بڑے وسائل کے باوجود عوام کو ان کا فائدہ نہ ملنا سنگین سوالات کو جنم دیتا ہے۔ رواں سال فوڈ اتھارٹی نے فیصل آباد میں جدید فوڈ لیبارٹری، موبائل لیبز اور ٹریننگ یونٹس میں اضافہ، فوڈ سیفٹی کا مرکزی ڈیٹا بینک اور اضلاع میں نئی ترقیاتی اسکیموں کو ترجیحات میں شامل کیا ہے جبکہ ادارے کے پاس ایک ہزار سے زائد ملازمین، درجنوں دفاتر اور 70 سے زائد گاڑیاں پہلے ہی موجود ہیں۔ اس سب کے باوجود کارروائیوں کا میکانزم صرف جرمانوں اور عارضی بندش تک محدود ہے جس کے نتیجے میں خلاف ورزی کرنے والے کچھ ہی عرصے بعد دوبارہ سرگرم ہو جاتے ہیں۔ ایسے میں یہ خدشہ بڑھتا جا رہا ہے کہ اتھارٹی کے اربوں روپے کے وسائل بھی صرف افسرانہ سہولتوں، نمائشی اقدامات اور فوٹو سیشنز پر ہی خرچ ہو کر رہ جائیں گے جبکہ عوامی صحت بدستور خطرے میں رہے گی۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ناقص حکمت عملی، عوامی اعتماد پر پورا اترنے میں ناکام



















