تنقید کرنےوالوں کی بے بسی سمجھتی ، باتیں، دعوے آسان کام کیلئے باہر نکلنا پڑتا ہے: مریم نواز

لاہور(اپنے رپورٹر سے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کام کرنے کی وجہ سے مجھ پر تنقید کی جارہی ہے اور میں ایسے لوگوں کی بے بسی کو اچھی طرح سے سمجھتی ہوں،میانوالی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا گجرات گورننس کے اعتبار سے پنجاب کا سب سے بڑا شہر ہے مگر حیران کن طور پر یہاں ڈرین سسٹم نہیں تھا، اب پنجاب حکومت 26 ارب سے گجرات میں نیا سسٹم ڈال رہی ہے، ہمارے لیے پنجاب کا ہر شہری برابر ہے، باتیں، دعوے آسان ہیں کام کیلئے باہر نکلنا پڑتا ہے، پنجاب میں 3 ماہ تک مسلسل بارشیں ہوئیں اور اب بدترین سیلابی صورتحال ہے مگر اس وقت میں بھی چند عناصر صرف تنقید کررہے ہیں، دریائے روای میں کشتی میں بیٹھی تو شور مچ گیا ڈوب جاتی تو کیا ہوجاتا، میں تنقید کرنے والوں کی بے بسی سمجھتی ہوں، سیلاب متاثرین کو تین وقت کا کھانا دے رہے ہیں جبکہ ہر خیمہ بسی میں ایک موبائل ہسپتال اور جانوروں کی دیکھ بھال و چارے کا انتظام کیا گیا ہے،سیلاب کے بعد ابھی تک پنجاب میں کوئی وباءنہیں پھوٹی،مریم نواز نے یقین دہانی کرائی سیلاب کے دوران جو بھی نقصان ہوا ایک ایک کا نقصان پانی اترتے ہی پورا کریں گے اور اس حوالے سے ابھی سے کام شروع کردیا ہے، سیلاب میں ڈوب کر اور دیواریں گرنے سے 100 اموات ہوئیں، حادثے میں جاں بحق ہونے والے لواحقین کو فی کس 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے، جن کا پورا کچا گھر گرا انہیں10 لاکھ، جن کا آدھا گھر یا کچھ کمروں کو نقصان پہنچا انہیں 5لاکھ، بڑے مویشی گائے بھینس کی موت یا بہہ جانے پر فی کس 5 لاکھ اور چھوٹے جانور بکری وغیرہ کے نقصان پر فی کس 50000 روپے حکومت ادا کرے گی،وزیر اعلیٰ نے کہا ماضی میں 4 لاکھ روپے سے زیادہ امداد نہیں دی گئی مگر میں 10، 10 لاکھ روپے دوں گی، سیلاب متاثرین ہمارے مہمان ہیں، گھروں کی واپسی تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے،جو کہتے ہیں سی ایم کیوں باہر نکلتی ہیں، جب سی ایم میدان میں ہوتا ہے تو سب کو کام کرنا پڑتا ہے، سی ایم لیڈ کرتا ہے اوراس کے پیچھے ٹیم کام کرتی ہے، باقی صوبے ایسے ہیں کسی کا نام نہیں لینا چاہتی وہاں سی ایم اور نہ سسٹم کام کرتا ہے۔