واسا نشتر زون انتظامیہ کی نااہلی، ترقیاتی کام سست روی کا شکار، جابجا گندا پانی، بیماریاں پھیلنے لگیں

لاہور (قمر عباس) واسا نشتر زون میں اربوں روپے کے فنڈز بھی رہائشیوں کو نکاسی اور فراہمی آب کی سہولیات میسر نہ ہو سکیں، چونگی امرسدھو نیو ڈیفنس روڈ(چندرائے روڈ) اور اطراف گندے پانی میں ڈوب گئے ،زون انتظامیہ اعلی افسران کو ”سب اچھا“ کی رپورٹ دینے کی راہ پر گامزن،عوامی اذ یت میں اضافہ ہونے لگا، وزیراعلیٰ کی ایل ڈی پی عوام کی بجائے افسران کیلئے فائدہ مند ہیں عوام۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کا لاہور کی عوام کو نکاسی اور فراہمی آب کی سہولیات کی فراہمی کی خاطر ایل ڈی پی کی مد میں واسا لاہور و دیگر محکمہ جات کو 137ارب روپے دئیے گئے جس میں واسا لاہور کو بھی اربوں روپے کے فنڈز دیئے گئے ہیں جس میں واسا نشتر زون میں فیز ون کے متعدد منصوبہ جات تاحال جاری ہیں، تاہم نشتر زون میں انتظامیہ کی نا اہلی کی وجہ سے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں سست روی دیکھنے میں آرہی ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا عوامی ریلیف دعوی واسا نشتر ذون کی جانب سے عوامی اذیت کا منصوبہ بنا ہوا ہے اور ان منصوبوں کی وجہ سے نشتر زون انتظامیہ چونگی امر سدھو نیو ڈیفنس روڈ(چندرائے روڈ) یو سی 228-229اور یو سی 242 وغیرہ کے علاقہ جات کیلئے کئی ماہ سے مسائل کا باعث بنے ہوئے ہیں اور منصوبہ نا مکمل ہونے کی وجہ سے سیوریج کا پانی گلی محلوں اور گھروں میں داخل ہے اور علاقے سیوریج کے پانی میںڈوب چکے ہیں جس بنا پر لوگ بہت سی امراض کا شکار ہو رہے ہیں جس میں ڈائریا، ملیریا، بخار، ٹائیفائیڈ، یرقان اور دیگر بہت سی بیماریاں شامل ہیں۔ اہل علاقہ رانا عدنان، ڈاکٹر احسن، زاہد محبوب، میاں اعجاز، ڈاکٹر عمران بشیر، شیخ یونس، چوہدری غلام حسین، چوہدری محمود احمد، سلمان جمیل میو، ماسٹر سلام اور دیگر بہت سے افراد نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ اس پروجیکٹ کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ مزید حادثات سے بچا جا سکے جبکہ منصوبہ کی وجہ سڑکیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ نشتر زون انتظامیہ ان علاقہ جات کی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے افسران کو ”سب اچھا“ کی رپورٹ دے رہے ہیں جبکہ موقع پر حالات برعکس ہیں۔ نشتر زون ڈائریکٹر اور متعلقہ ایکسین اور ایس ڈی او گرین ٹاﺅن اور انڈسٹریل ایریا سیوریج کے مسائل کو حل کرنے میں نا کام دکھائی دے رہے ہیں۔ شکایت کی جاتی ہے تو ایس ڈی او انڈسٹریل ایریا کو جواب ہوتا ہے میرے ساتھ دفتر آکر بات کریں۔ دوسری طرف واسا ترجمان کا کہنا ہے کہ عوامی ریلیف واسا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں ہو سکتی۔ باقی نشتر زون کے جن علاقوں کی نشاندہی کر رہے ہیں، اس پر متعلقہ ڈائریکٹر شمس ایوب سے تفصیلات لیکر اس مسئلہ کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا۔