سیاست سے بالاتر ہو کر سیلاب متاثرین کی مدد کرنا ہوگا: بیرسٹر گوہر

سرگودھا(ڈسٹرکٹ رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عمران خان عوامی لیڈر ہیں جن کے بغیر ہم کچھ نہیں، اگر میں عمران خان کے ساتھ کھڑا نہ ہوتا تو میری فیملی مجھے ووٹ نہ دیتی۔ اس وقت پنجاب سیلاب کی زد میں ہے ہمیں سیاست سے بالاتر ہو کر اپنے متاثرین بھائیوں کی مدد سب کو مل کر کرنا ہے، حکومت فوٹو سیشن کی بجائے حقیقی معنوں میں انہیں ریلیف فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے سرگودھا آمد پر سیلاب زدہ علاقوں کے دورہِ پر پارٹی راہنما ممتاز اختر کاہلوں کے سیکرٹریٹ پر پریس کانفرنس میں کہا کہ دو سال سے عمران خان مائنس کی باتیں چل رہی ہیں اگر عمران خان کو مائنس کرنا اتنا آسان ہوتا تو وہ پہلے دو ماہ میں ہو جاتے۔انہوں نے کہا کہ جس معاشرے میں انصاف نہ ہو وہاں معاشرے تباہ ہو جاتے ہیں۔ ملک کا بڑا صوبہ پنجاب سیلاب کے باعث مصیبت میں مبتلا ہے اور ہمارے ورکرز اور کارکنان کو امدادی کاموں سے روکا جا رہا ہے اس وقت سیاست کی نہیں انسانیت کی خدمت اولین ضرورت ہے اس لئے ہر سطح پر بلا تفریق امدادی کاموں کو تیز کیا جائے میں تمام جماعتوں کے امدادی کاموں میں حصہ ڈال رہا ہوں اس لئے حکومت کو چائیے کہ وہ متاثرین کو فوٹو سیشن کی بجائے حقیقی ریلیف فراہم کرئے تاکہ ان کے نقصیانات اور مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح ہمارے عہدے داران کارکنان خصوصاً قائد عمران خان کو ناحق پابند سلاسل رکھا گیا انہیں پتہ ہے کہ اگر عمران خان رہا ہوا تو ان کی سیاست نہیں بچے گی جو لوگ سمجھتے ہیں کہ عمران خان ڈیل کر کے آئیں گے حالانکہ وہ خود واضح کر چکے ہیں کہ وہ آئین قانون کے مطابق اپنے تمام کیسز ختم کروا کر باہر آئیں گے وہ کسی سے ڈیل نہیں کریں گے اگر ڈیل کرنا ہوتی تو سختیاں برداشت نہ کرتے وہ شروع دن سے کہتے آرہے ہیں کہ وہ ڈیل نہیں کریں گے اور دنیا دیکھے گی کہ اگر انصاف کی راہ میں روڑے نہ اٹکائے گئے تو فتح عمران خان کی ہوگی۔ان کا کہنا تھا موجودہ حکومت آکسیجن پر ہے اور جلد وینٹیلیٹر سے یہ حکومت گر جائے گی۔ بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے خصوصاً پنجاب بہت زیادہ متاثر ہے پی ٹی آئی تمام تر سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنے سیلاب زدگان بھائیوں کی مدد کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور جہاں پر بھی ہمارا ورکر عہدے داران رکن قومی و صوبائی اسمبلی موجود ہیں وہ ہر صورت میں اپنے سیلاب زدگان بھائیوں کی مدد کر رہا ہے۔ گوہر علی خان نے حکومت سے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں کے زرعی قرضے معاف کیے جائیں بجلی گیس سکول فیسوں اور اسی طرح جہاں جہاں بھی انہیں ریلیف فراہم کیا جا سکتا ہے کیا جائے کیونکہ سیلاب نے ان کا سب کچھ تباہ و برباد کر دیا ہے یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ انہیں ریلیف فراہم کرے۔ جس طرح دہشت گردی کے خلاف متحد ہو کر کام کیا گیا تھا تو آج اسی جذبہ سے ملک میں سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنا ہے۔ گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اب موسمیاتی تبدیلیوں کی زد میں ہے اور ہم سب کی یہ ذمہ داری ہے کہ اس سے نمٹنے کیلئے ایسے اقدامات اٹھائے جائیں جس سے ہمارا ملک مستقبل میں ایسی مصیبتوں سے محفوظ رہ سکے۔اس موقع پر پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی اور کارکن بھی موجود تھے۔