ساہیوال (چوہدری اشرف سے) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ڈپٹی کمشنر شاہد محمود کے ہمراہ چیچہ وطنی اور ساہیوال کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے 110/7R، جھنگی سیال اور اولڈ ہڑپہ روڈ کے گرد و نواح کے دیہات کا جائزہ لیا اور متاثرین کی بحالی کیلئے جاری اقدامات کا معائنہ کیا۔ دورے کے دوران کمشنر نے گورنمنٹ ہائی سکول 110/7R میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کیمپ میں مقیم افراد سے خوراک، رہائش، طبی امداد اور دیگر ضروریات زندگی کے حوالے سے دریافت کیا اور ان کے مسائل سنے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کسانوں سے مویشیوں کے چارے کی دستیابی سے متعلق بھی معلومات حاصل کیں اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ریلیف کیمپوں میں جانوروں کیلئے چارے کی مناسب فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ کمشنر ساہیوال نے اس موقع پر فلڈ ریلیف کیمپ میں موجود افراد کو یقین دہانی کرائی کہ انتظامیہ ان کی مکمل بحالی تک ان کے ساتھ ہے اور انہیں کسی بھی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر چیچہ وطنی جاوید ممتاز لکھویرا بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ بعد ازاں کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول نور کے کاٹھیا میں قائم دوسرے فلڈ ریلیف کیمپ کا بھی دورہ کیا جہاں اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال ماہم واحد نے انتظامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔دورے کے دوران کمشنر نے مرادا دلو اور نور کے کاٹھیا کے مقام پر دریا کے کنارے مقیم افراد کو محفوظ مقامات پر قائم ریلیف کیمپوں میں منتقل ہونے کی ہدایت کی تاکہ ان کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ انتظامیہ فلڈ ریلیف کیمپوں میں مقیم متاثرین کی ہر ممکن دیکھ بھال کر رہی ہے اور ان کی بنیادی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلڈ ریلیف کیمپ میں کھانا اور جانوروں کا چارہ فراہم کیا جارہا ہے اور علاج معالجے کی سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔
سیلاب متاثرین کی بنیادی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جا رہا ہے:کمشنر ساہیوال



















