بھارتی آبی جارحیت،سیلاب سے جنوبی پنجاب میں تباہی،کئی بند ٹوٹ گئے

لاہور،ملتان :(نمائندگان)بھارتی آبی جارحیت،سیلاب سے جنوبی پنجاب میں تباہی،ستلج، راوی اور چناب میں شدید طغیانی ،کئی بند ٹوٹ گئے،درجنوں دیہات زیر آب،پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون بارشوں کے 10 ویں سپیل کا الرٹ جاری کردیا۔

بھارت کی جانب سے اضافی پانی چھوڑنے جانے کی اطلاع موصول ہونے کے بعد وزارت آبی وسائل نے فلڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے کہابھارت کی جانب سے آنےوالے ریلوں کے باعث دریائے ستلج میں ہریکے ، فیروزپور زیریں پر اونچے درجے کا سیلاب ہے،شجاع آباد میں شیر شاہ کے قریب بستی گاگرہ کا حفاظتی بند ٹوٹنے اور200 فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے پانی قریبی بستیوں میں داخل ہوگیا،لاکھوں ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں زیر آب آگئیں۔

سلطان باہو پل سے 2 لاکھ 60 ہزار کیوسک کا ریلا گزرا، در کھانہ کے مقام پر ریلوے پل سے سیلابی پانی ٹکرانے سے شور کوٹ خانیوال ریلوے سیکشن دوسرے روز بھی بند رہا،احمد پور سیال میں موضع سمند وانہ بند میں شگاف پڑ نے سے کئی علاقے زیر آب آگئے، فصلوں کو نقصان پہنچا، لیاقت پور میں چناب ،دریائے سندھ کے سیلابی ریلوں سے تباہی مچادی ،موضع نور والا کی متعدد بستیاں ،بڑے رقبے پر فصلیں زیرآب آگئیں۔

خانیوال کے درجنوں دیہات ،اوچ شریف دریائے ستلج میں طغیانی کے باعث پانی مزید رہائشی بستیوں میں داخل ہوگیا، ہزاروں ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں ڈوب گئیں۔

ادھر پی ڈی ایم اے پنجاب نے 9 ستمبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے کچھ علاقوں میں فلش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کردیا،ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 10 ویں سپیل میں راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم،گوجرانولہ،لاہور ،سیالکوٹ ،نارووال، حافظ آباد، اوکاڑہ، ساہیوال، قصور، سرگودھا ،میانوالی، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور راجن پور میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔

دوسری جانب ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے کہادریائے چناب، راوی اور ستلج میں سیلابی صورتحال کا سامناہے،بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث ندی نالے بپھرسکتے ہیں۔