راوی کنارے ”کھادر ایریا“ میں تعمیرات ایل ڈی اے، ایم سی ایل کی بدترین غفلت

لاہور(خبر نگار)دریائے راوی کے کنارے واقع ”کھادر“ ایریا کو برسوں پہلے محکمہ آبپاشی نے قدرتی آبی گزرگاہ قرار دیکر یہاں ہر قسم کی تعمیرات پر پابندی لگا دی تھی۔ بعد ازاں پنجاب فلڈ پلین ریگولیشن ایکٹ 2016 اور پھر روڈا ایکٹ کے تحت اس پابندی کو مزید تقویت ملی مگر قانون صرف کاغذوں تک محدود رہا۔ آج کھادر ایریا تقریباً 178 مربع کلومیٹر پر محیط ہے جس میں شاہدرہ، شالیمار، باغبانپورہ، محمود بوٹی، ساندہ اور فیروزوالہ کے نواحی علاقے شامل ہیں، جہاں غیر قانونی تعمیرات کھلے عام ہو رہی ہیں اور سرکاری ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ حالیہ سیلاب نے یہ حقیقت کھول دی ہے کہ کھادر ایریا میں انسانی بستیوں نے قدرتی آبی راستوں کو روک کر تباہی کو کئی گنا بڑھا دیا ہے۔ دریائے راوی میں پانی کا بہاو 2 لاکھ 20 ہزار کیوسک تک پہنچنے سے شفیق آباد، فرخ آباد، محمود بوٹی، پارک ویو اور دیگر بستیاں زیر آب آگئیں جس کا براہِ راست سبب یہی غیر قانونی تعمیرات ہیں۔ کھادر ایریا میں تعمیرات روکنے کا اختیار شروع دن سے محکمہ آبپاشی کے پاس تھا جس نے گزٹ نوٹیفکیشن کے ذریعے دریائی پٹی کو حساس قرار دیا، لیکن عملی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے بتدریج آبادیاں بسنا شروع ہوئیں۔ بعد ازاں جب راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا) قائم ہوئی تو اس نے نیا ماسٹر پلان اور لینڈ یوز پالیسی مرتب کی جس کے تحت کھادر ایریا کو مکمل طور پر تعمیرات سے پاک رکھنے کا اعلان کیا گیا مگر حقیقت اس کے برعکس نکلی۔ ذرائع کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) اور میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور (ایم سی ایل) نے بھی اپنے حصے کی ذمہ داری ادا نہیں کی۔ ایل ڈی اے کے پاس شہر میں لینڈ یوز اور ہاوسنگ سکیموں کی منظوری کا اختیار ہے جبکہ ایم سی ایل تجاوزات کے خاتمے اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کرنے کی پابند ہے، مگر دونوں ادارے مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئے۔ کھادر ایریا میں آج جتنی بھی غیر قانونی ہاوسنگ سکیمیں، کمرشل تعمیرات اور رہائشی بستیاں کھڑی ہیں وہ انہی اداروں کی غفلت اور ملی بھگت کا نتیجہ ہیں۔ کھادر ایریا کو حساس قرار دینے اور تعمیرات پر پابندی عائد کرنے والے قوانین کے باوجود ان پر عملدرآمد نہ ہونا متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سنگین سوالیہ نشان ہے۔ روڈا، ایل ڈی اے، ایم سی ایل اور محکمہ آبپاشی سب کے سب اپنی ذمہ داریوں سے پہلو تہی کرتے رہے جس کا نتیجہ آج کی تباہ کاریوں کی صورت میں سامنے آیا ہے۔