سیلابی صورتحال ختم ہونے کے بعد نقصانات کا تخمینہ لگا کر ازالہ کیا جائےگا:مریم اورنگزیب

لاہور (اپنے رپورٹر سے) پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا سیلاب سے متاثر ہونےوالے 15 اضلاع میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، اس وقت لوگوں کی جانیں بچانا سب سے بڑا کام ہے،پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا پنجاب کی تاریخ میں سب سے بڑا ریسکیو آپریشن کیا گیا، 20 لاکھ سے زائد افراد سیلاب کے باعث متاثر ہوئے ، ساڑھے 7 لاکھ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ،5 لاکھ سے مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، 400 سے زائد وٹنری کیمپس لگائے گئے، مویشیوں کے چارے کا بھی بندوبست کیا گیا، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائی جاری ہے، نالوں میں تجاوزات کے خاتمے کا سلسلہ بھی جاری ہے، سیلابی صورتحال ختم ہونے کے بعد نقصانات کا تخمینہ لگا کر ازالہ کیا جائےگا،سینئر صوبائی وزیر نے کہا راوی، ستلج اور چناب میں سیلاب کی صورتحال ہے ، چناب میں خانکی کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، قادرآباد میں بھی سیلاب کی صورتحال برقرار ہے اور رواس برج پر بھی اونچے درجے کا سیلاب ہے،تریموں برج سے 3 لاکھ 61 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے، راوی میں جسڑ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، بلوکی ہیڈورکس پر 2 لاکھ 82 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے جبکہ ستلج میں گنڈاسنگھ والا پر پانی کا بہاو انتہائی تیز ہے،مریم اورنگزیب نے مزید کہا لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے، متاثرہ علاقوں سے انخلاءکا عمل مکمل ہو چکا ہے، تحصیل اور ضلعی سطح پر ہنگامی بنیادوں پر ریلیف کا کام کیا جا رہا ہے، عوام سے درخواست ہے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔