انسانی جانوں کو بچانا حکومتی ترجیح، شغل میلے کی گنجائش نہیں : عظمیٰ بخاری

لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے بڑی تنصیبات کو محفوظ کرنے کےلئے بند توڑے جا رہے ہیں، امید ہے اڑ ھائی لاکھ کیوسک پانی راوی اور شاہدرہ سے گزر جائے گا،نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا حفاظتی بند کو بھی دیکھا جا رہا ہے، علاقہ مکینوں کو پہلے محفوظ مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے، پھر بند توڑے جا رہے ہیں، انسانوں کے ساتھ ساتھ مویشیوں کو بھی محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے، امید ہے اڑھائی لاکھ کیوسک پانی راوی اور شاہدرہ سے گزر جائے گا، ہیڈ قادر آباد کی گنجائش 9 لاکھ ہے، ساڑھے 9 لاکھ کیوسک کا ریلا گزار جس کے بعد ہیڈ قادر آباد میں پانی کی سطح میں کمی شروع ہوگئی ہے، اپنے گھر کو چھوڑ کر ریلیف کیمپس میں رہنا آسان کام نہیں، انسانی جانوں کو بچانا حکومت کی ترجیح ہے، لوگ بند پر کھڑے ہو کر سیلاب دیکھ رہے ہیں، یہ دیکھنے کی چیز نہیں، بچے سیلابی پانی میں نہا رہے ہیں، شغل میلے کی گنجائش نہیں، عوام انتظامیہ سے تعاون کریں،عظمیٰ بخاری نے کہا سیالکوٹ میں اربن فلڈنگ کی صورتحال ہوئی، فیک ویڈیوز سوشل میڈیا پر لگائی گئیں، سیالکوٹ میں ایک فیملی نے اپنے طور پر انخلا کی کوشش کی تو بدقسمتی سے حادثہ پیش آیا، شہری ریسکیو اداروں کےساتھ تعاون کریں، اپنے طور پر کسی ایڈونچر کی کوشش نہ کریں، وزیر آباد شہر میں حالات معمول کے مطابق ہیں، وزیر آباد کی مرکزی شاہراہ سے پانی اتر چکا ہے۔