ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر آفس میں پنجاب کیٹل مارکیٹ کمپنی ساہیوال کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کا انعقاد۔ ڈویژن بھر میں لگائی جانے والی منڈی مویشیوں میں خرید و فروخت کے لئے آنے والے افراد کو سہولیات کی فراہمی اور ان میں بہتری بارے غور کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے کی جبکہ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، چیف آپریٹنگ آفیسر فیصل، منیجر آپریشنز کاشف رضا اور اے سی جنرل غلام حسین بھٹی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کمپنی افسران پر زور دیا کہ وہ ان منڈیوں میں خرید و فروخت کیلئے آنے والے بیوپاریوں اور عوام کو دستیاب سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں اور ان کی شکایات کو فوری حل کریں۔ انہوں نے ان منڈیوں میں کنٹریکٹر کی طرف سے اوور چارجنگ کی شکایات کو فوری دور کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمپلینٹ سیل کے نمبر 1233 کو ہر منڈی میں نمایاں جگہوں پر ڈسپلے کیا جائے۔ کمیٹی کے سی او او محمد فیصل نے بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں 13 مقامات پر منڈی مویشیاں لگائی جا رہی ہیں جن میں چیچہ وطنی اور عارف والا کی ماڈل منڈیاں بھی شامل ہیں۔ خرید و فروخت کرنے والوں کو کنٹریکٹر کی لوٹ کھسوٹ سے نجات دلانے کے لئے تمام منڈیوں میں ڈیجیٹل پیمنٹ کا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال آن لائن نیلامی کی بدولت تمام منڈیاں پچھلے سال کی نسبت دگنی بولی پر نیلام ہوئیں۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ساہیوال میں ماڈل منڈی کے قیام کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔دریں اثنا کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ای خدمت مرکز کا اچانک دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ دورے کے دوران انہوں نے نادرا کاونٹر، لرننگ لائسنس، رجسٹری، چالان، بینک کاونٹر اور استقبالیہ سمیت تمام اہم سیکشنز کا معائنہ کیا اور وہاں موجود شہریوں سے براہ راست بات چیت کرتے ہوئے ان کے مسائل اور سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ ڈاکٹر آصف طفیل نے مرکز میں موجود استقبالیہ کاونٹر سے لے کر سہولت کاونٹر تک کے تمام مراحل کا بغور جائزہ لیا اور شہریوں کیلئے فراہم کی جانے والی سہولیات کو سراہا۔ انہوں نے پارکنگ سٹینڈ میں قائم ڈرائیونگ ٹیسٹ کے مقام کا بھی دورہ کیا اور وہاں کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ای خدمت مرکز انچارج کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر آنے والے سائلین کے مسائل فوری حل کئے جائیں اور مرکز کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ عوام الناس کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔
آن لائن نیلامی کی بدولت تمام منڈیاں دگنی بولی پر نیلام ہوئیں: کمشنر ساہیوال ،ای خدمت مرکز کا اچانک دورہ



















