غزہ میں مزید 63 فلسطینی شہید، اسرائیل میں جنگ کیخلاف مظاہرے

غزہ، مقبوضہ بیت المقدس (مشرق نیوز) غزہ کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ اسرائیلی کارروائیوں میں مزید 63 فلسطینی شہید اور 300 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، جن میں کم از کم 4 بچے بھی شامل ہیں۔ یہ شہادتیں ایسے وقت میں ہوئیں جب اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں ہزاروں افراد نے مظاہرے کئے جن میں 2 بڑے گروہ شامل تھے۔

ہوسٹیج سکوائر میں ہونے والے مظاہرے میں اسرائیلی شہریوں نے اپنے پیاروں کی رہائی کا مطالبہ کیا جو اب بھی حماس کے پاس ہیں، اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ لڑائی میں اضافہ یرغمالیوں کی زندگیاں مزید خطرے میں ڈال رہا ہے اور حکومت کو فوری طور پر مذاکرات کرنے چاہییں۔

ہبیما سکوائر پر عرب اور یہودی شہریوں نے مل کر جنگ اور بھوک کے خاتمے کیلئے نعرے بلند کئے، ”نسل کشی بند کرو، غزہ سے جنین تک بچوں کا قتل بند کرو“ کا مطالبہ کیا گیا، مظاہرین نے فلسطینی بچوں کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں جو غذائی قلت کا شکار ہیں۔