پاکستان ریلویز کو ٹرین آپریشن چلانے کیلئے بوگیوں کی شدید قلت کا سامنا

لاہور(اپنے نمائندے سے) پاکستان ریلویز کو ٹرین آپریشن چلانے کیلئے بوگیوں کی شدید قلت کا سامنا، ریلوے سسٹم پر اس وقت تقریبا 1000 بوگیوں کی قلت کا سامنا، ریلوے حکام نے 2 ٹرینوں کو بند کرنے پر غور شروع کر دیا۔پاکستان ریلویز انتظامیہ کا مسافروں میںمحکمہ کا اعتماد بحال کرنے میں منصوبہ بندی کا فقدان دیکھنے میں آرہا ہے۔ مسافر ٹرینوں کو آپریشنل رکھنے کی خاطر عملی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے فوری عوامی ریلیف کے نام پر نئی ٹرینوں کو چلانے کی منصوبہ بندی دیکھنے میں آرہی ہے لیکن ان ٹرینوں کو مستقل بنیادوں پر آپریشنل رکھنے کیلئے درپیش مسائل کا خاتمہ نہیں کیا جا رہا۔ نئی ٹرین چلانے کی خاطر دیگر مسافر ٹرینوں سے کوچز کو اتار کر نئی ٹرین کو فوری طور پر چلا دیا جاتا ہے لیکن اس کو مسلسل بحال رکھنے پر کسی قسم کے اقدام نہیں کئے جاتے اس وقت متعدد ٹرینوں کو بند کر دیا گیا جبکہ حال ہی میں بزنس ٹرین کو چلایا گیا ہے اس سے قبل خوشحال خان خٹک تقریباً 50 بوگیوں کے ساتھ چلائی گئی تھی جو کہ کراچی جانے والی وی آئی پی ٹرین ہے، ریلویز ذرائع کے مطابق اس شاہ حسین اور خوشحال خان خٹک کی بندش پر غور کیا جا رہا ہے جبکہ شاہ حسین ایکسپریس 34 بوگیوں کے ساتھ چلائی گئی تھی پاکستان ریلویز کا ٹرین آپریشن چلانے کیلئے بوگیوں کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ ریلوے سسٹم پر اس وقت تقریبا 1000 بوگیوں کی قلت ہے مسافروں کی عدم دلچسپی کے بعد دونوں ٹرینوں کی مکمل بندش کیلئے ریلوے ہیڈ کوارٹر میں سوچ و بچار شروع ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلویز انتظامیہ ریل کو مکمل طور پر بحال رکھنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے جبکہ ریلویز ٹریک کا خستہ حال ہونے کی وجہ سے حادثات میں بھی اضافہ کی وجہ سے مسافروں کی جانب سے دیگر وسائل کا استعمال کرنا شروع کر دیا ہے مسافروں کا کہنا ہے کہ ریلویز کو بند کرنے کی ناکام سازش کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جس میں ریلویز کے مفاد پرست افسران شامل ہیں آئے روز مسافروں کو ریلیف کے نام پر لگژری ٹرینوں کا افتتاح کیا جا تا ہے بعد میں کچھ عرصہ کے بعد پتہ چلتا ہے کہ ان کو بند کر دیا گیا ہے حال ہی میں بزنس ایکسپریس کا افتتاح وزیر اعظم پاکستان نے کیا جس میں چند ایک کوچز کے علاوہ باقی دیگر ٹرینوں سے اتاری گئی کوچز کو رنگ روغن کر کے شامل کیا گیا ہے جو کہ محکمہ اور سیاسی شخصیات کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے وفاقی وزیر ریلویز کی جانب سے ہیڈ کواٹرز میں اجلاس کیا گیا جس میں اسلام آباد کیرج فیکٹری کی پروڈکشن کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ جلد از جلد نئی کوچز کوسسٹم میں شامل کیا جا سکے ۔