ممکنہ طوفانی بارشوں کے پیش نظر متعلقہ ادارے الرٹ رہےں،مریم نواز کاحکم
لاہور :(اپنے رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے ڈیزل سستا ہونے پر کرایوں میں کمی پر عملدرآمد یقینی بنانے کاحکم دےدیا۔
مریم نوازنے ضلعی انتظامیہ کو ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کےلئے اقدامات اور ترمیم شدہ ٹیرف نمایاں آویزاں کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاضلعی انتظامیہ و محکمہ ٹرانسپورٹ سرکاری کرائے نامہ پر عمل نہ کرنےوالے ٹرانسپورٹرز کےخلاف کارروائی کرے،ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی عام آدمی کا حق ہے، استحصال کی اجازت نہیں دیں گے۔
دریں اثنا وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پنجاب میں ممکنہ طوفانی بارشوں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہاپی ڈی ایم اے ،پنجاب انتظامیہ، پولیس، ریسکیوضروری پیشگی اقدامات کریں،ڈپٹی کمشنرزو دیگر متعلقہ افسر فیلڈ میں موجود رہیں،ڈپٹی کمشنرز پی ڈی ایم اے پنجاب کی جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
مریم نواز نے حفاظتی اقدامات کے پیش نظر مری و متصل علاقوں کی طرف سیاحتی سفر پر پابندی پر اتفاق کیا اور کلاوڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ و طوفانی بارشوں کے پیش نظر سیاحوں کی نقل وحمل محدود کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ نے کہادریاوں کے پاٹ میں موجود شہریوں کافوری انخلا ،دریاوں، نہروں و ندی نالوں میں طغیانی کے پیش نظر نہانے پر پابندی یقینی بنائی جائے،والدین بچوں کو دریاوں ،ندی نالوں کے قریب جانے سے روکیں۔



















