27 ویں ترمیم ہوائی بات،وفاق نیا این ایف سی ایوارڈ جاری کرے،بلاول بھٹو

حیدر آباد:(بیورورپورٹ) چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے27 ویں ترمیم ہوائی بات،وفاق نیا این ایف سی ایوارڈ جاری کرے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا صوبوں کو حق دینا پڑےگا، چاہتے ہیں نئے این ایف سی کےلئے فوری طور پر اجلاس بلایا جائے،آئین کے تحت ہر 5 سال بعد این ایف ایوارڈ دینا چاہئے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے ٹیکس جمع نہ کرنے کی سزا صوبوں کو نہ دی جائے، اسلام آباد میں بیٹھے بابے اپنی ناکامی کی سزا صوبوں کو نہ دیں،26 ویں ترمیم پر تاریخی کامیابی کسی مخصوص دورکےلئے نہیں بلکہ دائمی ہے، 27 ویں ترمیم ہوائی بات ہے، آپ سے ہی سن رہا ہوں، حکومت کی جانب سے اب تک 27 ویں ترمیم کےلئے رابطہ نہیں کیا گیا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا مودی حکومت دریائے سندھ کا پانی روکنے کے اعلان سے باز نہیں آرہی، سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارت کو پاکستان کے حق کا پانی دینا پڑے گا، دریائے سندھ پاکستانیوں کےلئے لائف لائن ہے، معاملے پر سندھ کے لوگوں کا ساتھ چاہئے، تمام پاکستانی یکساں آواز اٹھائیں، پاکستان کے کروڑوں عوام کی زندگی کا سوال ہے،بلاول بھٹو نے کہابھارت پر سب سے زیادہ ٹیرف لگانے پر ٹرمپ کے شکرگزار ہیں، پانی کی عالمی کمی کو مد نظر رکھتے ہوئے زراعت کےلئے جدید طریقے اپنانے ہوں گے، ڈریپ ایری گیشن سمیت جدید تکنیک اپنا کر پانی کو بچاسکتے ہیں۔