ایم کیو ایم اور قیدی 804 میں کوئی فرق نہیں، بدمعاشوں کواسی زبان میں جواب ملے گا: شرجیل میمن
کراچی (بیورو رپورٹ) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اور قیدی نمبر 804میں کوئی فرق نہیں، بدمعاشوں کو بدمعاشوں کی طرح جواب دیا جائے گا۔سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ میں انتھونی نوید کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے اہم قرارداد پیش کی۔ پاکستان کے قومی پرچم کا سفید حصہ اقلیتوں کے حقوق کا علم بردار ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانی سازشوں کے باوجود بھی بھائیوں کی طرح رہتے ہیں۔ اقلیتوں کو پاکستان میں حقوق ترجیحی بنیادوں پر دیے جاتے ہیں۔ بھارت میں اقلیتوں کے جان و مال اور حقوق محفوظ نہیں ہیں۔ پیپلز پارٹی نے جنرل نشستوں پر اقلیتوں کو نمائندگی دی ہے۔ آصف زرادری نے جب بینظیر انکم سپورٹ پروگرام بنایا تھا تب سب سے زیادہ بینیفشری اقلیتیں تھیں۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم بھارت نہیں ہیں جو اپنی اقلیتوں پر ظلم کریں۔ پاکستان میں کبھی مذہبی فساد نہیں ہونے دیا ہے۔ اقلیتوں کے اوپر مشکل وقت آتا ہے تو مسلمان بھائی گھروں کے باہر بندوقیں لے کر ان کی حفاظت کر رہے ہوتے ہیں۔ افسوس ہوا کہ اس اہم دن پر بھی متحدہ نے سیاست کرنے کی کوشش کی۔ اس موقع پر اپوزیشن نے سندھ اسمبلی میں احتجاج بھی کیا۔شرجیل میمن نے کہا کہ میرا نام لیا گیا تو مجھے حق ہے کہ میں جواب دوں۔ ڈمپر حادثے میں 2 بچے اللہ کو پیارے ہوگئے، اس کی جتنی مذمت کی جائے اتنی کم ہے۔ واقعے کے بعد پولیس نے ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کر کے ڈمپر تحویل میں لے لیا۔



















