کوئٹہ،رحیم یار خان: (بیورورپورٹ) مستونگ کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکہ،جعفر ایکسپریس کا انجن ،5 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، 4 مسافر معمولی زخمی ہوگئے ۔
ریلوے حکام کے مطابق ٹریک پر آئی ای ڈی ڈیوائس سے دھماکہ کیا گیا،جعفر ایکسپریس کوئٹہ سے پشاور جارہی تھی، دھماکے سے ٹرین کو نقصان پہنچا مگر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،سکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیر ے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا۔
ادھروزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہاتمام مسافر محفوظ رہے ،دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیاں عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔
دریں اثنا سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کوئٹہ جانےوالی جعفر ایکسپریس اور بولان میل کو3 روز کیلئے معطل کر دیا گیا،ریلوے ترجمان کے مطابق جعفر ایکسپریس کی سروس 11، 13 ،14 اگست کو معطل رہے گی،بولان میل 16 اگست کو چلائی جائے گی۔
دوسری جانب رحیم یار خان میں عوام ایکسپریس کی 3 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں،حکام کے مطابق ٹرین پشاور سے کراچی جا رہی تھی خان پور سٹی پھاٹک پر حادثے کا شکار ہوگئی، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
مستونگ ،ٹریک پر دھماکہ،جعفر ایکسپریس کا انجن ،5 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، 4 زخمی



















