پاک امریکہ تعلق آزمودہ، بااعتماد اور پائیدار شراکت داری کی مثال ہے،مریم نواز

لاہور :(اپنے رپورٹر سے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے لاہور میں تعینات امریکہ کے نئے قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرزنے ملاقات کی،مریم نواز نے سٹیٹسن سینڈرز کو لاہور آمد پر خوش آمدید کہا اورمنصب سنبھالنے پر دلی مبارکباد دی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،تجارتی تعلقات،توانائی تعاون، ٹیکنالوجی، زراعت و تعلیمی تبادلوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مریم نوازنے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان ،بھارت کے درمیان ثالثی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہااسٹیٹسن سینڈرز کی تعیناتی تب ہوئی جب پاکستان ،امریکہ کے تعلقات میں مثبت پیش رفت دیکھنے میں آ رہی ہے، پاک امریکہ تعلقات کئی دہائیوں پر محیط قابل اعتماد،مستحکم اور دور رس شراکت داری کی بنیاد پر قائم ہیں، عوامی رابطوں، تجارتی تعاون اور مشترکہ مفادات نے پاک امریکہ پارٹنرشپ کو مزید مضبوط کیا

وزیراعلیٰ نے کہا2024 میں پاکستان ،امریکہ کے درمیان تجارتی حجم میں اضافہ خوش آئند امر،امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور قابل اعتماد اقتصادی پارٹنر ہے، پاکستانی نژاد امریکی برادری دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط کی مضبوط کڑی ہے،اپریل 2025 میں امریکی کانگریشنل پاکستان کاکس سے بھی ملاقات کر چکی ہوں۔

مریم نواز نے کہا پنجاب میں ہر سال 20 ہزار سے زائد آئی ٹی گریجویٹس فارغ تحصیل ہو رہے ہیں، پنجاب پاکستان کی زرعی ریڑھ کی ہڈی ہے، پنجاب حکومت واٹر ایفیشنٹ فارمنگ، پریسیژن ایگریکلچر اور کولڈ چین انفراسٹرکچر کی ترقی کو ترجیح دے رہی ہے، امریکی ایگریکلچر ٹیکنالوجی کمپنیاں پنجاب میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں،پاکستان ،امریکہ کا تعلق آزمودہ، بااعتماد اور پائیدار شراکت داری کی مثال ہے،مریم نواز نے کہاپاک امریکہ تعلق کو جامع، سٹریٹجک اور عوامی مفاد پر مبنی پارٹنرشپ میں تبدیل کرنے کےلئے پرعزم ہیں،پنجاب میں جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس نئی الیکٹرک ٹرین متعارف کرائی جا رہی ہے،اپنی چھت اپنا گھر کے تحت چند ماہ کے قلیل عرصے میں پبلک سیکٹر ہاوسنگ میں قابل تقلید مثال قا ئم کردی۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت صوبے بھر میں ماحول و عوام کی زندگی بچانے کا بڑا فیصلہ کرتے ہوئے تاریخوں کے تعین کےساتھ محکموں ،ضلعی حکام کو اہداف دے دئیے گئے، دریائے راوی میں گرنے والے 54کلومیٹر طویل ہڈیارا ڈرین کو صنعتی، زہریلے کچرے و مضر صحت گندگی سے پاک کرنے کا انقلابی منصوبہ شروع کردیا گیا،مریم نواز نے فیصل آباد کی آبادیوں سے صنعتیں و کارخانے انڈسٹریل سٹیٹ منتقل ،سیالکوٹ میں چمڑا رنگنے کی فیکٹریاں بھی فوری طور پر متعلقہ کارخانوں کےلئے مختص علاقے میں منتقل کرنے کا حکم دےدیا۔

مزید برآں مریم نواز نے مستونگ دھماکے میں میجر سمیت 3جوانوں کو شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا شہید میجر رضوان طاہر، نائیک ابن امین اور لانس نائیک یونس کی قربانی لازوال ہے،سوگوارخاندانوں سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتی ہوں۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کاشتکاروں کی سہولت کےلئے ماڈل ایگریکلچر مالز کے قیام کا بڑا اقدام اٹھالیا، محکمہ زراعت ،جی سی آئی کے درمیان ایم او یو پر دستخط کی تقریب میںوزیراعلیٰ نے بھی شرکت کی،بریفنگ میں بتایا گیا جی سی آئی ملتان، بہاولپور، سرگودھا اور ساہیوال کے ماڈل ایگریکلچر مال کا انتظام سنبھالے گی، ملتان، بہاولپور، سرگودھا اور ساہیوال کے ایگریکلچر مال میں کاشتکاروں کو ون سٹاپ سلوشن ملے گا، چاروں ماڈل ایگریکلچر مال45 ایام میں فنکشنل ہو جائیں گے۔

مریم نواز نے کہا ماڈل ایگریکلچر مال کے قیام سے کاشتکار کو مڈل مین کا محتاج یا جگہ جگہ خوار نہیں ہونا پڑے گا، کاشتکار بھائیوں کےساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے، کاشتکار کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، مختصر عرصے میں کاشتکاروں کےلئے ریکارڈ انیشی ایٹو لیکر آئے،عملی و تاریخی اقدامات کرکے ثابت کردیا کاشتکار بھائی ہیں۔