لاہور (سٹاف رپورٹر)لاہور شہر میں پارکنگ کے نظام کی بگڑتی صورتحال نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ مختلف علاقوں میں ٹھیکیدار پارکنگ کے حوالے سے اپنے اختیارات سے نہ صرف تجاوز کر رہے ہیں بلکہ قانون کو کھلے عام چیلنج بھی کر رہے ہیں۔ پارکنگ کی مد میں عوام سے غیر قانونی طور پر پیسے بٹورنے کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ متعلقہ انتظامیہ کی پراسرار خاموشی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف اہم مقامات جیسے انارکلی، اچھرہ، ہال روڈ، ایم ایم عالم روڈ اور مال روڈ سمیت دیگر تجارتی مراکز میں پارکنگ مافیا نے خود ساختہ قوانین نافذ کر رکھے ہیں۔ اکثر جگہوں پر گاڑیاں حدود سے باہر کھڑی کی جاتی ہیں، جو نہ صرف ٹریفک میں رکاوٹ بنتی ہیں بلکہ حادثات کا سبب بھی بن سکتی ہیں۔ مزید برآں ایسی کئی جگہیں بھی نشاندہی کی گئی ہیں جہاں پارکنگ کی باضابطہ اجازت ہی موجود نہیں، مگر وہاں ملی بھگت سے گاڑیاں کھڑی کروائی جاتی ہیں اور عوام سے باقاعدہ پارکنگ فیس وصول کی جاتی ہے۔ ان میں اکثر وہ مقامات شامل ہیں جو سیکیورٹی یا ٹریفک قوانین کے تحت ممنوعہ قرار دئیے جا چکے ہیں۔شہریوں کی شکایات کے مطابق نہ صرف غیر قانونی طور پر فیس وصول کی جاتی ہے بلکہ بعض جگہوں پر سرکاری نرخنامے سے ہٹ کر زائد رقم لی جاتی ہے۔ متعدد مقامات پر پارکنگ ٹکٹ پر اوور رائٹنگ کرکے بھی زیادہ پیسے ہتھیائے جا رہے ہیں، جس کی واضح مثالیں سوشل میڈیا پر بھی دیکھی جا سکتی ہیں۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ ادارے جیسے میٹروپولیٹن کارپوریشن، ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ اس سنگین بدعنوانی کے خلاف کوئی موثر کارروائی کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔ بعض اطلاعات کے مطابق یہ خاموشی ”مفادات“ کے تحفظ کا نتیجہ ہو سکتی ہے۔شہریوں نے اعلیٰ حکام، خصوصاً وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر لاہور اور چیف سیکرٹری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین مسئلے کا نوٹس لیتے ہوئے پارکنگ نظام کی از سر نو جانچ پڑتال کروائیں، ٹھیکیداروں کا احتساب کریں اور پارکنگ مافیا کے خلاف کریک ڈاو¿ن شروع کریں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
لاہور میں پارکنگ مافیا بے لگام، ٹھیکیدار اپنی حدود سے باہر، متعلقہ حکام خاموش تماشائی



















