ہنگو میں آپریشن، 4 خارجی دہشت گرد ہلاک، ڈی پی او، ایس ایچ او زخمی

ہنگو (مشرق نیوز) خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو کے علاقے دوآبہ میں پولیس اور ٹل اسکاوٹس کی جانب سے خارجی دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران 4 خوارج ہلاک ہوگئے، دہشت گردوں کی فائرنگ سے ڈی پی او خالد خان اور ایس ایچ او نبی خان بھی زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس اور ٹل سکاو¿ٹس کی جانب سے خارجی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر آپریشن کیا گیا، پولیس کے جوانوں کی فائرنگ سے 4 خوارج ہلاک ہوگئے۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے بھی پولیس پر فائرنگ کی، گولیاں لگنے سے ڈی پی او خالد خان اور ایس ایچ او دوآبہ نبی خان زخمی ہوئے جنہیں علاج کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ہنگو کے علاقے زرگیری، شناوڑی سمیت دیگر علاقوں میں ٹارگٹ آپریشن کیا گیا، ریسکیو 1122 کے مطابق ڈی پی او خالد خان کو زخمی حالت میں پشاور منتقل کیا گیا ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈی پی او خالد خان کو 4 گولیاں لگی ہیں، ایس ایچ او نبی خان معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق آپریشن کا سلسلہ تاحال جاری ہے، علاقے میں کلیئرنس تک آپریشن جاری رکھا جائیگا۔