ساہیوال (چوہدری اشرف سے) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ عوام کو معیاری علاج معالجہ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور صحت کے شعبے میں خطیر فنڈز صرف کئے جا رہے ہیں تاکہ ہر شہری کو بہتر طبی سہولیات میسر آئیں۔ انہوں نے یہ بات ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کے اچانک دورہ کے دوران کہی۔ دورے کے دوران پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد اختر اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ید اللہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر نے ایمرجنسی، میڈیکل ایمرجنسی، بلڈ بینک، آرتھوپیڈک وارڈ اور فارمیسی سمیت مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ڈاکٹر آصف طفیل نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں آنے والے تمام مریضوں کو مفت ادویات ہر صورت فراہم کی جائیں اور کسی کو بھی باہر سے ادویات خریدنے پر مجبور نہ کیا جائے۔ انہوں نے وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان کے تیمارداروں سے ادویات کی دستیابی کے حوالے سے استفسار بھی کیا۔ کمشنر نے کہا کہ شعبہ طب ایک مقدس پیشہ ہے اور ڈاکٹرز کو چاہیے کہ وہ مریضوں کی خدمت کو عبادت سمجھ کر انجام دیں۔ انہوں نے فارمیسی میں موجود ادویات کا سٹاک بھی چیک کیا اور واضح ہدایات جاری کیں کہ تمام ضروری ادویات ہر وقت دستیاب ہونی چاہئیں۔ اگر کسی دوا کی قلت درپیش ہو تو فوری رپورٹ کی جائے تاکہ بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی اور صحت کا شعبہ مزید بہتری کی جانب گامزن ہوگا۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے”ستھرا پنجاب پروگرام”پر عملدرآمد کے تحت شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس کے تحت ساہیوال واٹر اینڈ سینی ٹیشن کمپنی کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت پنجاب نے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے ضروری مشینری، افرادی قوت اور وسائل فراہم کر دئیے ہیں اور اب کمپنی کے سپروائزی سٹاف کی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی کا کام صرف کوڑا کرکٹ اٹھانا نہیں بلکہ شہری علاقوں میں صفائی کے مجموعی معیار کو بہتر بنانا اور شہریوں کو صفائی ہوئی محسوس بھی ہو۔ اجلاس میں سی ای او ساہیوال واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی افتخار علی، ایم ڈی واسا تنویر قیصر، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ سمیت کمنی کے ڈسٹرکٹ مینجرز نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران مون سون بارشوں کے دوران صفائی اور نکاسی آب کے حوالے سے کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ ہر گلی محلے میں ان کی کارکردگی نظر آنی چاہئے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہری علاقوں میں صفائی، نکاسی آب اور کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے م¶ثر طور پر نمٹا جا سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ عوام کو صفائی کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے اور انہیں اس مہم میں شامل کیا جائے کیونکہ بہتر ماحول کے قیام میں ہر شہری کا کردار کلیدی ہے۔
عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی پہلی ترجیح ہے: کمشنر ساہیوال



















