لاہور (اپنے رپورٹر سے) پنجاب میں پراپرٹی ٹیکس چوری کی اطلاع پر انعام ملے گا، پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے پنجاب اربن امموویبل پراپرٹی ٹیکس ایکٹ 1958ءمیں وسل بلوور سے متعلق بڑی ترمیم منظورکثرت رائے سے منظور کر لی ۔بل کے مطابق پراپرٹی ٹیکس چوری کی اطلاع دینے والے شہریوں کو انعام دیا جائے گا، خفیہ پراپرٹی ٹیکس چوری کی ایکسائز افسر کھوج لگائے گا تو اسے بھی کارگردگی بنیاد پر انعامی رقم ملے گی۔ ٹیکس چوری، بدعنوانی یا کرپشن کی اطلاع دینے والا شخص ”وسل بلوورکہلائے گا،وسل بلوور کو فراہم کردہ معلومات پر ٹیکس یا جرمانہ وصول ہونے کی صورت میں انعام دیا جائیگا۔ بل کے مطابق انعامی رقم ٹیکس چوری کے مقدمے میں لگنے والے جرمانے سے ادا کی جائیگی، انعام اسی صورت دیا جائیگا جب معلومات سے ٹیکس یا جرمانہ وصول ہو،، حکومت وسل بلوور کیلئے انعامی سکیم کا طریقہ کار اور تناسب بھی مقرر کریگی۔ محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کے افسران کو بھی ٹیکس چوری پکڑنے پر انعام ملے گا، افسران کو انعام ٹیکس وصولی کے بعد اور کارکردگی کی بنیاد پر دیا جائیگا، کلکٹر ٹیکس چوری یا چھپانے کی صورت میں متعلقہ ذمہ دار افسر کا تعین کریگا، حکومت افسران کے انعام کیلئے انفرادی یا اجتماعی کارکردگی کی بنیاد پر طریقہ کار طے کرے گی۔ ترمیمی بل کا مقصد شفافیت، احتساب اور شہری شمولیت کو فروغ دینا ہے، بل کے تحت خود تشخیصی نظام کے غلط استعمال پر نظر رکھنے کیلئے انعامی اسکیم متعارف، فنانس ایکٹ 2024ءکے تحت جائیداد ٹیکس کی بنیاد کرایہ کی بجائے ڈی سی ویلیو پر منتقل کی گئی، ترمیم شدہ قانون سے جائیدادوں کی جانچ سادہ، تیز اور غلط بیانی سے پاک ہو گی، بل کے تحت ٹیکس رپورٹنگ، جانچ، اور وصولی کا عمل مزید موثر بنایا گیا ہے، ایف بی آر اور کسٹمز کی طرز پر پراپرٹی ٹیکس میں بھی انعامی اسکیم کا نفاذ، وسل بلوور قانون سے عوام کو ٹیکس نظام میں نگرانی اور شمولیت کا اختیار حاصل ہو گا،پنجاب اربن امموویبل پراپرٹی ٹیکس ترمیمی بل 2025ءآئندہ اجلاس سے منظور کیا جائیگا۔دوسری طرف حکومت پنجاب نے اشیاءکی قیمتوں پر قابو پانے کے لئے نئی وزارت تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا،پرائس کنٹرول کونسل کے اختیارات میں تبدیلی کیلئے بل پنجاب اسمبلی میں پیش کر دیا گیا، اس حوالے سے دی پنجاب پرائس کنٹرول آف ایسنشیل کموڈیٹیز (ترمیمی)بل 2025ءپنجاب اسمبلی کے حالیہ اجلاس میں پیش کیا گیا ہے۔ترمیمی بل کے تحت دی پنجاب پرائس کنٹرول آف ایسنشیل کموڈیٹیز ایکٹ 2024ءمیں ترامیم کی جائیں گی، پرائس کنٹرول کونسل کی صدارت منسٹر پرائس کنٹرول یا وزیراعلی کے نامزد کردہ عوامی نمائندے کے پاس ہوگی۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے پرائس کنٹرول کی وزارت موجود نہیں، اس وزارت کو وزیراعلیٰ پنجاب اپنے پاس رکھیں گی۔بل کے مطابق سیکرٹری صنعت کو کونسل کا ڈائریکٹر جنرل کموڈیٹیز کرنے کی تجویز ہے، نئے ارکان میں لائیو سٹاک، زرعی مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی اور پنجاب سہولت بازاروں کے سربراہان شامل ہونگے، ماہرین اور سٹیک ہولڈرز کی تعداد 3-3مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔مجوزہ بل پنجاب اسمبلی کی متعلقہ کمیٹی کے حوالے کر دیا گیا، کمیٹی دو ماہ تک ایوان میں رپورٹ پیش کرے گی۔
پنجاب میں پراپرٹی ٹیکس چوری کی اطلاع پر انعام ملے گا، ترمیمی بل 2025ءمنظور



















