لاہور (تجزیاتی رپورٹ: نوید چودھری) پنجاب حکومت کی جانب سے ”بلڈنگ رولز 2025“ کی تیاری کیلئے محکمہ بلدیات و دیہی ترقی کے ذیلی ادارے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے تحت 7 جولائی کو جاریکردہ نوٹیفکیشن پر شہری منصوبہ بندی، انتظامی ڈھانچے اور آئینی اختیارات کے حوالے سے سخت سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ ماہرین نے اس اقدام کو پی ایم یو کے دائرہ اختیار سے تجاوز اور قانونی اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے تحت ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس سے کہا گیا ہے کہ وہ 30 دن کے اندر بلڈنگ رولز کا مسودہ تیار کرے تاہم قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ اور پنجاب سپیشل پلاننگ اتھارٹی ایکٹ کے تحت ایسے قواعد و ضوابط کی تیاری کا اختیار صوبائی بیوروکریسی یا ترقیاتی یونٹس کے بجائے صرف بلدیاتی سطح پر قائم متعلقہ اداروں کو حاصل ہے جبکہ پی ایس پی اے ایکٹ میں کہیں بھی یہ اختیار نہیں دیا گیا کہ وہ خود قوانین مرتب کرے یا ایسی کمیٹی تشکیل دے جو پورے صوبے کیلئے قواعد تیار کرے۔ ترقیاتی منصوبہ بات پر کام کرنے والے یونٹس میں شامل پی ایم یو اور پی آئی سی آئی آئی پی ( پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انوسٹمنٹ پروگرام) صرف تکنیکی معاونٹ فراہم کر سکتے ہیں، پالیسی سازی یا قانون سازی انکے دائرہ اختیار میں شامل نہیں۔ کمیٹی میں شامل افراد تکنیکی مہارت ضرور رکھتے ہیں تاہم اس عمل میں نہ تو ضلعی حکومتوں کو شامل کیا گیا نہ ہی ہاﺅسنگ اتھارٹیز، بلڈنگ کنٹرول ادارے یا بلدیاتی اداروں کے نمائندے شریک کئے گئے۔ماہرین نے کہا ہے کہ بلڈنگ رولز بنانا کسی بھی ترقیاتی پراجیکٹ کے ماتحت ادارے کا کام نہیں بلکہ ایک باقاعدہ مشاورتی اور قانونی دائرہ کار کا عمل ہے۔ کمیٹی میں نہ تو ان اداروں کے نمائندے شامل کئے گئے اور نہ ہی عوامی مشاورت کا کوئی موثر طریقہ کار واضح کیا گیا ہے۔ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ تیس دن کی مدت میں پورے پنجاب کیلئے جامع بلڈنگ رولز مرتب کرنا محض نمائشی اقدام ہے۔ مسودے میں جدید اصطلاحات جیسے ”عمارتوں کے سامنے کا ہم آہنگ ڈیزائن“، ”بلند عمارتوں کی منصوبہ بندی“ اور ”موسمیاتی تحفظ“شامل تو ہیں، مگر ان سے زیادہ اہم زمینی حقائق جیسے غیر قانونی تعمیرات، زمین کے غلط استعمال اور شہری سہولیات کی کمی جیسے بنیادی مسائل مکمل طور پر نظر انداز کر دئیے گئے ہیں۔ مزید برآں اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی بات صرف رسمی دکھائی دیتی ہے کیونکہ نہ تو کسی شفاف طریقہ کار کا ذکر کیا گیا ہے اور نہ ہی یہ واضح کیا گیا ہے کہ کون سے ادارے یا حلقے اس مشاورت کا حصہ ہوں گے۔ ماہرین کے مطابق اگر حکومت واقعی ایک قابل عمل اور موثر بلڈنگ پالیسی تیار کرنا چاہتی ہے تو اسے موجودہ قانونی خلا کو پ±ر کرتے ہوئے مستقل اور آئینی بنیادوں پر بلدیاتی اداروں کو بحال کرنا ہوگا تاکہ وہ خود اپنے علاقوں کی ضروریات کے مطابق قواعد بنا سکیں۔ بصورت دیگر ”بلڈنگ رولز 2025“ کو ایک غیر آئینی، غیر شفاف اور نمائشی قدم ہی سمجھا جائیگا۔
پنجاب، تعمیراتی معاملات کی نگرانی کیلئے پی ایم یو کی قائم نئی کمیٹی پر اعتراضات



















