ایل ڈی اے میں زمینوں کی غیرقانونی منتقلی اور قبضے کا سنگین سکینڈل بے نقاب

لاہور (انوسٹی گیشن سیل / میاں ذیشان سے) محکمہ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں جاری کرپشن، جعلسازی، زمینوں کی غیر قانونی منتقلی اور قبضے کا سنگین سکینڈل بے نقاب ہو گیا ہے۔ محکمہ انسدار رشوت ستانی نے بیرون ملک مقیم پاکستانی خاتون کے ملکیتی کروڑوں روپے مالیتی پلاٹ کو دھوکہ دہی، جعلسازی اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر ہتھیانے والے افسران کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ہاﺅسنگ III اور سٹیٹ آفیسر ایل ڈی اے نے ریکارڈ میں ٹمپرنگ کرتے ہوئے پلاٹ ٹرانسفر کر کے اصل فائل کو ریکارڈ روم سے غائب کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن لاہور ریجن اے کی موثر کارروائی نے ایل ڈی اے میں جاری کرپشن، جعلسازی اور زمینوں پر قبضے میں ملوث ذکاءالرحمن ڈپٹی ڈائریکٹر ہاﺅسنگ III، ایم سیف اللہ سٹیٹ آفیسر ایل ڈی اے عبدالکلیم چوہدری (مفاد کنند) کے خلاف بیرون ملک مقیم پاکستانی خاتون کا کروڑوں روپے مالیتی پلاٹ نمبر 225-C رقبہ تعدادی 10 مرلے 62 مربع فٹ واقع مصطفی ٹاﺅن ہاﺅسنگ سکیم لاہور کو دھوکہ دہی، جعلسازی اور اختیارات کا ناجائز استعمال کر کے ریکارڈ میں ردوبدل کرتے ہوئے عبدالکلیم چوہدری کے ساتھ باہم ساز باز کر منتقل کرنے پر مقدمہ نمبری 28/2025 زیر دفعہ 420,468,471 409,درج کر کے گرفتاری کے ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں۔ فرسٹ انفارمیشن رپورٹ کے مطابق متاثرہ شہری طارق محمود ولد چوہدری محمد علی نے محکمہ انسداد رشوت ستانی میں درخواست گزاری جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سائل کی بیٹی اوورسیز پاکستانی ہے اور پلاٹ نمبر 225-C رقبہ تعدادی رقبہ تعدادی 10M-62Sft واقع ہدایت اللہ بلاک مصطفی ٹاﺅن ہاﺅسنگ سکیم لاہور، کی مالکہ قابضہ ہے اور بسلسلہ روزگار عرصہ تقریباً 7 سال سے بیرون ملک آسٹریلیا میں مقیم ہے۔ سائل مورخہ 04-03-2024 کو لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے آفس پلاٹ کی بابت حصول معلومات کے لئے گیا تو معلوم ہوا کہ لینڈ مافیا عبدالکلیم نے ڈپٹی ڈائریکٹر ذکاءالرحمان سے باہم ساز باز ہو کر سائل کی حقیقی بیٹی کا پلاٹ جعلسازی سے اپنے نام پر منتقل کروا لیا ہے اور پلاٹ مذکورہ کی فائل میں ٹمپرنگ کرتے ہوئے ریکارڈ روم سے غائب کر دیا ہے۔ برائے مہربانی پلاٹ کی اصل فائل کو برآمد کروایا جائے اور ملزمان کے خلاف دھوکہ دہی، جعلسازی اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانی کے پلاٹ کو ہتھیانے کے جرم میں مقدمہ درج کیا جائے جس پر محکمہ انسداد رشوت ستانی نے بروئے انکوائری نمبر 1043/2024 مکمل ہونے اور الزام ثابت ہونے پر بحکم مجاز اتھارٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر ہاﺅسنگ III ذکاءالرحمن، ایم سیف اللہ سٹیٹ آفیسر ایل ڈی اے اور لینڈ مافیا عبدالکلیم کے خلاف سردست صورت جرم 409/420/468/471 ت پ کے تحت مقدمہ نمبری 28/2025 درج کر کے گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔ محکمہ اینٹی کرپشن کی اس بھرپور کارروائی کو شہری حلقے اور قانونی ماہرین انسداد رشوت ستانی کے حوالے سے ایک بڑی کامیابی قرار دے رہے ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ نہ صرف نامزد افسران کو فوری گرفتار کیا جائے بلکہ ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی جیسے اہم ادارے کو کرپشن سے پاک کیا جا سکے۔

لاہور (خصوصی رپورٹر) اس حوالے سے محکمہ انسداد رشوت ستانی حکام نے واضح کیا ہے کہ تمام شواہد کی روشنی میں مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائیگا۔ ایف آئی آر کی کاپی لاہور کے تمام متعلقہ اداروں کو ارسال کر دی گئی ہے تاکہ مزید تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جا سکے۔

لاہور (خصوصی رپورٹر) اس حوالے سے ترجمان لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اسامہ محمود سے موقف لینے کیلئے بار رہا رابطہ کیا گیا لیکن ان کی طرف سے نہ تو کوئی وضاحت دی گئی اور نہ ہی کال اٹینڈ کی گئی ہے۔ ترجمان لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اگر ایل ڈی اے افسران کی مبینہ بدعنوانی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور جعلسازی کے ذریعے شہریوں کی جائیدادوں پر قبضے اور غیر قانونی طور ہتھیانے کے حوالے سے کوئی موقف دینا چاہیں تو روزنامہ مشرق میں انکے موقف کو من و عن شائع کیا جائے گا۔