شہباز شریف سے پوچھوں گا اقتدار کب واپس کرو گے؟:محمود اچکزئی

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) اپوزیشن اتحاد کے سربراہ وپشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود اچکزئی نے کہا شہباز سے مذاکرات کس بات کے ہوں گے، شہباز شریف سے مذاکرات ہوئے تو پوچھوں گا کب اقتدار واپس کرو گے؟۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اچکزئی نے کہا حکومت زور زبردستی کے نتیجے میں اقتدار میں آئی اگر بپھرے عوام باہر نکل آئے تو بہت مشکل ہو جائے گی،پارٹیوں میں تھوڑی سی بھی جمہوریت ہوتی تو مخصوص نشستیں لینے سے انکار کرتے، کم بخت حکومت میں پاکستان ڈوب رہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف بانسری بجا رہا ہے، عوام کی نمائندہ حکومت نہیں ۔

اپوزیشن اتحاد کے سربراہ نے کہا اسمبلی کو نیتن یاہو کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کی قرارداد پیش کرنی چاہیے تھی یہ تو نیتن یاہو کا نام نہیں لے سکتے، ایران پر مذاکرات کے دوران حملہ کیا گیا، امت مسلمہ کو ایران پر حملے پر سخت احتجاج کرنا چاہیے تھا، ایران نے اسرائیل کو بھرپور جواب دیا، ایران کے بعد پاکستان کا نمبر ہے،خدا کےلئے وقت تقسیم نہیں اتحاد پیدا کرنا ہوگا، بانی پی ٹی آئی کا گناہ الیکشن جیتنا ہے، بانی پی ٹی آئی سے فیملی کی ملاقات نہیں کرائی جا رہی، بجٹ کے دوران پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن نے بھرپور احتجاج کیاپاکستان غلط فیصلوں کی وجہ سے کسی بڑے حادثے کا شکار نہ ہو جائے، پاکستان کو آئین و قانون کے مطابق چلایا جائے۔