روڈز کی تعمیر ومرمت فنڈ کابروقت مثبت استعمال ،کنٹریکٹ لاگت میں 20فیصد کمی

لاہور :(اپنے رپورٹر سے)پہلی مرتبہ پنجاب کی 18ہزار700 کلو میٹر 1471 روڈزکی تعمیر وتوسیع اور مرمت کا تاریخی پراجیکٹ کا آغاز، 12ہزار کلو میٹرطویل1214 روڈز کی تعمیرمکمل کی گئی جبکہ دسمبر تک 18ہزار 700 کلو میٹر روڈز کی تعمیر مکمل کر لی جائےگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت سی اینڈ ڈبلیو کے جاری پراجیکٹ پرخصوصی اجلاس ہوا ،سی اینڈ ڈبلیو کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا پنجاب میں روڈز کی تعمیر ومرمت کے97فیصد فنڈز کے بروقت استعمال کا مثبت ریکارڈ قائم کیا ، تعمیراتی مینجمنٹ کے ذریعے 600ارب کے روڈزکی صرف 70ارب میں تعمیر و مرمت کرلی گئی، پہلی مرتبہ سی اینڈ ڈبلیو کے روڈ کنٹریکٹ لاگت میں اوسطا ً20فیصد کمی آئی،پنجاب میں روایتی ٹھیکیداری نظام کے بجائے ڈیجیٹل ٹال سسٹم متعارف کرانے پربھی اتفاق کیا گیا،صوبے بھر میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت 29 روڈز کی نشاندہی کر لی گئی ،9سڑکوں کو نجی اشتراک سے چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔

صوبے بھر میں بلڈنگز کی تعمیر ومرمت کے 1193پراجیکٹس جبکہ مراکز صحت کی تعمیر ومرمت کا پہلا فیز بھی مکمل ہوگیا، ملتان، بہاولپور اور سرگودھا میں پی سی سی آئی تھری کے پراجیکٹ مکمل جبکہ گارمنٹ سٹی قائد اعظم انڈسٹریل پارک بھی تکمیل کے قریب ہے، روڈز پراجیکٹ میں تعمیراتی معیار برقرار رکھنے کےلئے کٹنگ ایج ایکوپمنٹ متعارف کرایا جائے گا،روڈز سرفیس پروفائلر، گرانڈ پینی ٹریشن ریڈاراور فاسٹ فالنگ ویٹ ڈی فلیکٹو میٹر کے ذریعے نو تعمیر شدہ سڑکوں کی چیکنگ کی جائے گی۔

اجلاس میں قائد اعظم تا انٹرچینج تا واہگہ ٹورازم کوریڈور، پنڈی اڈیالہ روڈ اووہیڈ برج، جی پی او مال انڈر پاس، کرتاپور کوریڈور پراجیکٹس کابھی تفصیلی جائزہ لیا گیا، مریم نوازنے تمام جاری روڈز پراجیکٹ رواں مالی سال میں مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا 30سال میں نہ بننے والی سڑکیں اب بننا شروع ہوئی ہیں، صرف سڑکیں نہیں بنا رہے بلکہ تعمیرات کامعیار چیک کرنے کےلئے جدید ترین مشینری کا استعمال بھی کررہے ہیں۔

ادھر وزیراعلیٰ مریم نواز نے بارش کے دوران لاہور شہر کے قذافی سٹیڈیم، ظہور الٰہی روڈ،جیل روڈ اور دیگر علاقوں کے دورے کیے، مریم نواز نے بارش کے پانی کی بروقت نکاسی پر اطمینان کا اظہار کیا،وزیراعلیٰ نے برستی بارش کے دوران مختلف علاقوں میں بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا اور بارش کے پانی کی نکاسی کا مشاہدہ کیا، مریم نواز نے گلبرگ کے بلاکس میں سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ کے تحت ایل ڈی اے پراجیکٹ کا دورہ ، سسٹین ایبل ماڈل کے تحت خوبصورت ٹف ٹائلز اور پیور کی تنصیب کا جائزہ، گلبرگ کے مختلف بلاکس کا معائنہ بھی کیا۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے انسداد منشیات کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا نوجوانوں کے بہتر مستقبل کےلئے منشیات سے پاک پنجاب کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، حکومت پنجاب منشیات کے خاتمے کی مربوط کوششوں کےلئے پرعزم ہے،نشہ کرنے کے عادی افراد پورے معاشرے کےلئے لمحہ فکریہ ہیں، پنجاب میں اینٹی نارکوٹکس فورس کو از سرنو فعال اور متحرک کیا جارہا ہے،تمام شہری آگاہی پھیلائیں اور نشے کےخلاف لڑنے والوں کی مدد کریں۔