ایران کاحملہ، بڑی تباہی،اسرائیل کی خامنہ ای کو قتل کی دھمکی،تہران پر حملے کی منظوری نہیں دی،ٹرمپ

تہران،تل ابیب،واشنگٹن،روس،بیجنگ،جنیوا:(مشرق نیوز)ایران کااسرائیل پر سب سے بڑا حملہ،کمانڈ اینڈ انٹیلی جنس ہیڈکوارٹرز و دیگر تنصیبات پر میزائلوں کی بارش،بڑی تباہی،100سے افراد ہلاک، درجنوں زخمی ،اسرائیلی وزیر دفاع کی ایرانی سپریم لیڈر کو قتل کرنے کی دھمکی ،یورپی وزرائے خارجہ کا تہران کیساتھ جوہری مذاکرات کرنے کافیصلہ،ٹرمپ نے ایران پر حملے کے منصوبے کی منظوری خبرکو مستردکر دیا۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق ایران نے اسرائیلی فوج کے کمانڈ اینڈ انٹیلی جنس ہیڈکوارٹرز اور سوروکا ہسپتال کے قریب انٹیلی جنس کیمپ کو نشانہ بنایا،حملے کے بعد تل ابیب سٹاک ایکسچینج سمیت دیگر عمارتوں کو خالی کرا لیا گیا،میزائلوں نے وسطی ،جنوبی اسرائیل میں تباہی مچائی ،ایران نے کہا اسرائیل نے سوروکا ہسپتال کے اندر اپنا فوجی اڈہ قائم کیا ہوا تھا،انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر نشانہ بنایا ،اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران نے میزائل حملے میں بیر شیبا میں سروکا ہسپتال کو نشانہ بنایا ،ایمرجنسی سروس کے سربراہ نے کہاحملے میں 126 افراد ہلاک،متعدد زخمی ہوگئے۔

وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے تازہ میزائل حملوں کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں کہا ایران کے دہشت گرد ظالموں نے سوروکا ہسپتال اور ملک کے وسطی حصے میں شہری آبادی پر میزائل داغے، تہران کے ظالم حکمرانوں سے پورا حساب لیں گے،ایران کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی،دریں اثنانیتن یاہو نے بیر شیبا کے سورکا میڈیکل سینٹر کا دورہ کیا،ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای پر ممکنہ حملے کو خارج از امکان قرار دینے سے انکار کر دیا۔

نیتن یاہو نے کہا اب ایران میں کوئی بھی محفوظ نہیں، تمام آپشن کھلے ہیں، میڈیا میں بات کرنا بہتر نہیں ،جنگ میں امریکہ کی شمولیت صدر ٹرمپ کا فیصلہ ہے،امریکی صدرکھیل کو سمجھتے ہیں،اسرائیلی وزیراعظم نے کہاضرورت پڑی تو اسرائیل اکیلے پوری کارروائی انجام دے سکتا ہے، آپریشن کے اختتام پراسرائیل پر جوہری نہ بیلسٹک میزائل کا خطرہ،ٹرمپ سے ر وزانہ بات ہوتی ، امریکہ کا اسرائیل کےساتھ زبردست تعاون جاری ہے،سب جنگ میں ذاتی قیمت ادا کر رہے ہیں، میرے بیٹے نے اپنی شادی منسوخ کر دی۔

اسرائیلی وزیر دفاع کاٹز نے کہا اب بات ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کے قتل پر ہی حل ہوگی ،حملوں کے پیچھے ایک ہی شخص کا ہاتھ اور حکم ہے اور وہ کوئی اور نہیں بلکہ خامنہ ای ہے، جلد خاتمے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے،خامنہ ای بنکرمیں بیٹھ کرعوام پرحملے کرا رہے ہیں، ہسپتالوں،رہائشی عمارتوں پرحملے جنگی جرائم کی سنگین ترین شکلیں ہیں، خامنہ ای کی حکومت کو تہس نہس کردیں گے۔

کاٹز نے کہاوزیراعظم نے اسرائیلی فوج کو حملے تیز کرنے اور ایران میں سٹرٹیجک اہداف کو نشانہ بنانے کی ہدایت کردی،ادھر ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای نے کہااسرائیل کا امریکہ کو پکارنا کمزوری کی علامت ہے، اسرائیل کو بھرپور طاقت کےساتھ جواب دیتے رہیں گے۔

قوم کے نام اپنے پیغام میں خامنہ ای نے کہادشمن کو احساس ہوا ایرانی قوم ڈر رہی ہے تو آپ کو نہیں چھوڑے گا،مضبوط، ثابت قدم اور بے خوف رہیں،اللہ بہت رحیم ہے اور ایران کو بڑی فتح سے نوازے گا کیونکہ سچے ،حق پر کھڑے ہیں،ایرانی سپریم لیڈر نے قرآن کی آیت کا ترجمہ بھی شیئر کیا،فتح صرف اللہ کی طرف سے ہے جو غالب اور حکمت والا ہے۔

ایرانی نائب وزیر خارجہ نے ایک بار پھر متنبہ کرتے ہوئے کہاامریکہ اسرائیل کی حمایت میں مداخلت کرنا چاہتا ہے تو ایران کے پاس اپنے دفاع کیلئے طاقت کااستعمال کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوگا،امریکہ کو مشورہ ہے اگر اسرائیل کی جارحیت روکنا نہیں چاہتا تو کم از کم ایک طرف کھڑا رہے،فیصلہ سازوں کے پاس تمام ضروری آپشنز موجود ہیں۔

وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا جارحیت کےخلاف فخر اور بہادری سے اپنا دفاع کریں گے،دشمن اپنی سنگین غلطی کی قیمت ادا کرے گا، تہران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں، صرف اپنے دفاع میں کارروائی کر رہا ہے اور سفارتکاری کےلئے پرعزم ہے۔

علاوہ ازیں ایران نے پڑوسی خلیجی ممالک کو خبردار کیا امریکہ کو حملے کےلئے سرزمین استعمال کرنے کی اجازت دی تو آپ بھی نشانہ بن سکتے ہیں،رپورٹ کے مطابق ایران نے قطر کے ذریعے خلیجی پڑوسی ممالک کو پیغام پہنچایا اور تنبیہ کی ہے اگر ایران کےخلاف امریکی حملے میں سرزمین استعمال ہوئی تو حملے کےلئے جواز بن سکتا ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر حملے کے منصوبے کی منظوری خبر کو مسترد کرتے ہوئے کہا امریکی اخبار کو آئیڈیا نہیں میں ایران کے بارے میں کیا سوچ رہا ہوں۔

مزید برآںروسی صدرولادی میر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ میں ٹیلی فونک رابطہ ہوا،دونوں رہنماوں نے ایران پر اسرائیلی حملے کوعالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دےدیا۔

روسی صدارتی دفتر کریملن نے کہا شی جن پنگ اور پیوٹن نے ایران اسرائیل جنگ کے سفارتی حل پر زور دیتے ہوئے کہاایرانی جوہری پروگرام سمیت تمام مسائل کا کوئی فوجی حل نہیں ،شی جن پنگ نے کہا ایران کے معاملے پر روسی ثالثی کے حق میں ہیں، روسی ثالثی کشیدگی میں کمی میں مددگار ہوسکتی ہے، ایران اسرائیل تنازع میں ممکنہ امریکی مداخلت ایک اور خوفناک کشیدگی کا سبب ہوگی،صدر پیوٹن نے کہا ایران نے روس سے فوجی مدد نہیں مانگی، اسرائیل ایران تنازع میں امریکہ فوجی مداخلت سے گریز کرے۔

مزید برآں یورپی وزرائے خارجہ نے تہران کیساتھ جوہری مذاکرات کا فیصلہ کر لیا،خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے وزرائے خارجہ مذاکرات کریں گے،ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی مذاکرات میں شریک ہوں گے، مذاکرات کیلئے امریکی رضا مندی شامل ہے،جرمن سفارتی ذرائع نے کہا مذاکرات امریکہ کی ہم آہنگی کےساتھ ہو رہے ہیں ،مقصد ایران سے سخت یقین دہانی حاصل کرنا ہے وہ جوہری توانائی کا استعمال صرف پرامن سول مقاصد کےلئے کرے گا، یورپی سفارتی ذرائع نے کہا اگر ایران تعاون پر آمادہ ہو جائے تو خطے میں کشیدگی کم کرنے کا موقع پیدا ہو سکتا ہے ورنہ حالات بگڑنے کا اندیشہ ہے۔

اسرائیل اور ایران جنگ پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس جمعہ کو ہوگا، اجلاس بلانے کی ایرانی درخواست کو پاکستان اور روس کی حمایت حاصل ہے۔