آڈیو لیکس کیس ،گنڈا پور پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر
اسلام آباد: (بیورورپورٹ) آڈیو لیکس کیس میںگنڈا پور پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر،اسلحہ برآمدگی مقدمے میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کردئیے گئے۔
،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ نے وزیر اعلیٰ کے پی کیخلاف شراب و اسلحہ برآمدگی کے کیس کی سماعت کی، وکیل نے عدالت کو بتایا پشاور ہائیکورٹ نے 3 جولائی تک علی امین گنڈاپور کی ضمانت منظور کر رکھی ہے، استدعا ہے علی امین گنڈاپور کے عدالت پیش ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کئے جائیں،عدالت نے استفسار کیا 342 کے سوال نامہ کے جواب جمع کرا دیں، کب تک جواب جمع کرائیں گے؟ علی امین گنڈاپور کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی خیبر پختونخوا کے بجٹ کے بعد جواب عدالت میں جمع کرا دیں گے،بعد ازاں عدالت نے گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کر تے ہوئے سماعت 2 جولائی تک ملتوی کر دی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخواکےخلاف آڈیو لیکس کیس میں عدالت نے فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کر دی،کیس کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نصر من اللہ بلوچ نے کی، وکیل راجہ ظہور الحسن نے عدالت کو بتایا گنڈا پور کی پشاور ہائیکورٹ سے ضمانت ہوچکی ہے، عدالت نے فرد جرم عائد کرنے کیلئے 2 جولائی کی تاریخ مقرر کر تے ہوئے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے۔
دوران سماعت علی امین گنڈاپور نے کہا سر مجھے بولنے کی اجازت ہے؟ کیا لائسنس کا پوچھنا جرم ہے؟ مجھے تو ایوارڈ دینا چاہیے تھا، مجھ پر ہی آڈیو لیک کا مقدمہ درج کر دیا گیا،عدالت نے ریمارکس دیئے یہ تو کیس کے میرٹ پر بات ہوگی، آپ عدالت میں پیش ہی نہیں ہوتے، علی امین گنڈاپور نے کہا میں پیش ہوتا ہوں، بہت بار پیش ہوا، میرا دوسری عدالت میں ایک دوسرا کیس ہے وہاں بھی 2 جولائی کی تاریخ ہے،عدالت نے کہا فرد جرم کی کارروائی کےلئے آپ کی حاضری ضروری ہے۔



















