مخصوص نشستیں کیس،اصلاحات ججز نے نہیں کرنی، سیاسی مسائل خود حل کریں: آئینی بنچ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)جسٹس جمال مندوخیل نے مخصوص نشستوں کے کیس میں ریمارکس دئیے ججز نے اصلاحات نہیں کرنی،سیاسی مسائل خود حل کریں۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں11 رکنی بنچ نے سماعت کی، پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے دلائل دئیے،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا جتنی باتیں آپ اب کر رہے وہ مرکزی کیس میں کرنی تھیں، مرکزی کیس میں آپ نے کہا نشستیں ان کو دے دو، 2018 کے اخبارات کا کارٹون یاد آیا، ایک رنگ میں ایک ریسلرز تھے، 2میں سے ایک کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے جب تک سیاسی لوگ مسائل خود حل نہیں کریں گے، ہم نہیں کرسکتے، ججز نے نظام کی اصلاحات نہیں کرنی، حقائق آپ نے تو مرکزی کیس میں پیش نہیں کیے،جسٹس امین الدین نے کہا ابھی آپ نے ایک فہرست پیش کی، جو پہلے نہیں تھی،یہ فہرست پہلے کہاں تھی؟جسٹس جمال مندوخیل نے کہا ساری چیزیں ہم نے یہاں وہاں سے دیکھیں، ہم نے ریکارڈ خود منگوایا اور کہا غلط ہوا، سپریم کورٹ میں 3 بنچز الیکشن مقدمات سن رہے تھے، 99 فیصد مقدمات کے فیصلے آپ کے حق میں ہوئے، کل آپ کہہ رہے تھے ہم الیکشن کے دوران عدالت نہیں آسکتے تھے،جسٹس امین الدین نے کہا آپ کے سارے دلائل کا مرکز الیکشن کمیشن ہے، آپ کے مطابق الیکشن کمیشن نے ہمارے ساتھ غلط کیا۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا عدالت کو 41 امیدواران کے پی ٹی آئی نہ لکھنے کہ وجہ بتانا چاہتا ہوں، الیکشن کمشنر پنجاب کا فیصلہ تھا پی ٹی آئی والوں کے کاغذات منظور نہیں ہوں گے،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کاغذات نامزدگی میں الیکشن کمیشن کا تو کام ہی نہیں، کاغذات نامزدگی پر فیصلہ آر اوز نے کرنا ہوتا ہے،وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا آر اوز کا بھی تاثر تھا کاغذات منظور نہیں ہوں گے، ایک غیر یقینی کی صورتحال تھی،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا میچور سیاسی جماعتیں غیر یقینی صورتحال کا مقابلہ کرتی ہیں، کل آپ نے کہا 12، 14 سال کے بچے گرفتار ہوتے تھے، آپ ٹافیاں دینے جاتے تھے، کسی بچے کا باپ کورٹ نہیں آیا، کوئی پریس کلپنگ نہیں دی گئی، اس قسم کا بیان ہمارے اور قوم کےلئے سرپرائز تھا،وکیل نے کہا قوم کےلئے تو یہ سرپرائز نہیں تھا۔

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا پہلی مرتبہ ہی اس طرح کی بات کی گئی، سلمان اکرم راجہ نے کہا میں اس بیان پر معذرت چاہتا ہوں،غلط فیصلہ نظر ثانی کا کوئی گراﺅنڈ نہیں ، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا نظر ثانی داخل کرنے والوں کے گراونڈز کیا ہیں ، سلمان اکرم راجہ نے بتایا ان کا گراونڈ ہے کہ ریلیز اس کو دیا گیا جو فریق نہیں تھا،جسٹس جمال نے استفسار کیا کیا یہ غلط فیصلہ تھا غلطی تھی یا سوچ سمجھ کر فیصلہ دیا گیا ، وکیل نے بتایا سوچ سمجھ کر فیصلہ دیا گیا ہے غلطی نہیں تھی،جسٹس امین الدین نے کہا مقدمے میں جس کا حوالہ دے رہے ہیں سفارشات ناقص تھیں، سلمان اکرم راجہ نے کہا خورشید بھنڈر کیس میں سارا غیر آئینی سپر اسٹرکچر ختم کر دیا تھا، فیصلے کے باعث 90 سے زائد جج فارغ ہوئے تھے، سپریم کورٹ کے پاس اختیار ہے کہ جب ان کے سامنے غیر آئینی باتیں آئیں تو وہ اسے ٹھیک کرنے کی ہدایت دیں۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا سپریم کورٹ نے کہا تھا 3نومبر 2007کا اقدام غیر آئینی ہے، آرٹیکل 185/3 کی اپیل سنتے ہوئے عدالت 184/3 کا اختیار استعمال کر سکتی ہے، ہائیکورٹ کے پاس 199سی میں بنیادی حقوق کے نفاذ کےلئے ہر حکم دینے کا اختیار ہے، پیر صابر شاہ کیس میں کیا ہوا تھا وہ بھی بتاتا ہوں، آرٹیکل 199میں متاثرہ شخص کا درخواست گزار ہونا ضروری ہے لیکن 184 میں نہیں،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے عدالت نے آپ کو الیکشن سے پہلے 100 فیصد انصاف دیا تھا، سپریم کورٹ کے اکثریتی فیصلے میں جو حقائق بیان کیے گئے وہ آپ نے پیش نہیں کیے تھے،جسٹس امین الدین نے کہا آپ کہہ رہے ہیں فہرست بنائی ہم نے لیکن وہ تو ہمارے سامنے نہیں تھی، کیا قانونی شواہد موجود تھے؟جسٹس جمال مندوخیل نے کہا جسٹس منصور علی شاہ اور 2 بنچز سے 99۔9 کاغذات نامزدگی کے مقدمات پی ٹی آئی کے حق میں آئے تھے،سلمان اکرم راجہ نے کہا مقدمے میں فریق عوام پاکستان ہے، کئی ایسے مقدمات ہیں جن سے یہ طے ہوتا ہے کہ جہاں عام عوام کا تعلق ہو وہ مفاد عامہ کا مقدمہ ہوتا ہے، آرٹیکل 185 تھری میں اپیل آرٹیکل 199 کا تسلسل ہوتی ہے جو بنیادی حقوق کے نفاذ سے متعلق ہے،سلمان اکرم راجہ نے کہا یہ عدالت اپیل میں مفاد عامہ کے معاملے میں آرٹیکل 184 تھری اور ساتھ آرٹیکل 187 کا دائرہ اختیار استعمال کر سکتی ہے، پیر صابر شاہ کیس میں ججز نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کےخلاف براہ راست سپریم کورٹ میں اپیل کا نکتہ طے کیا،پیر صابر شاہ کیس میں ججز نے طے کیا مکمل انصاف اور آرٹیکل 184 تھری کا دائرہ اختیار استعمال ہو سکتا ہے، سپریم کورٹ نے قرار دیا جوڈیشل ریویو کےلئے دائرہ اختیار استعمال کرنے کا مکمل اختیار ہے۔

جسٹس امین الدین نے ریمارکس دئیے آرٹیکل 185 تھری کا ایک دائرہ اختیار ہے، کیس میں کم از کم پورے جج کو پتہ تو ہوتا ہے کون سا دائرہ اختیار ہے، موجودہ کیس میں تو بس فریقین اور عدالت کا معاملہ ہے،سلمان اکرم راجہ نے کہا یہ عدالت اور فریقین کا نہیں عوام کے جمہوری حق ہے جس کی خلاف ورزی ہوئی، جسٹس امین الدین نے کہا آپ نے یہ سب عدالت کے سامنے پہلے نہیں رکھا،سلمان اکرم راجہ نے کہا ہم نے کہا تھا اسمبلی میں درست نمائندگی ہونی چاہیے،جسٹس علی مظہر نے کہا کیا مخصوص نشستیں خالی نہ رکھی جانے پر کوئی آئینی پابندی ہے؟ ، سلمان اکرم راجہ نے بتایا عدالت نے قرار دےدیا مخصوص نشستیں خالی نہیں رکھی جا سکتیں ہم تو اس پر منحصر ہیں،جسٹس جمال مندوخیل نے پوچھا کون سے بنیادی حقوق کیس میں متاثر ہوئے تھے؟ جسٹس نعیم اختر افغان نے سوال کیا کیا کوئی عدالت کسی امیدوار اور سیاسی جماعت کے چھوڑے گئے خلا کو پر کر سکتی ہے؟ اگر کسی کے ساتھ دھاندلی ہو اور وہ درخواست دائر کرنے میں غلطیاں کرے تو عدالت اس کو موقع دے سکتی ہے؟ کیا عدالت فریقین کی غلطیوں کو د±ور کر سکتی ہے؟سلمان اکرم راجہ نے کہا کیس میں ایک صورتحال پیدا کی گئی جو پی ٹی آئی نے نہیں کی، ہمارے سامنے دیوار کھڑی کر دی جائے اور میں اس کو گرا دوں تو یہ سوال ہو گا کہ دیوار کیوں گرائی یا یہ کہ کھڑی کس نے کی؟جسٹس امین الدین خان نے کہا ہم آپ کو شنوائی کا حق دے رہے ہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں ہے آپ کچھ بھی کہتے جائیں،دیوار آپ نے کھڑی کی، آپ سنی اتحاد کونسل میں گئے اور وہ عدالت میں آئے،جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا آپ اگلے انتخابات کی تیاری کریں۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا ایسے ہی حالات رہے تو اگلے انتخابات بھی ایسے ہی ہوں گے،بنچ کے سربراہ جسٹس امین الدین نے ریمارکس دئیے سپریم کورٹ آئین کی پابند ہے اگر کوئی فیصلہ غیر آئینی ہے تو عدالت اس کو واپس لے سکتی ہے، وکیل نے کہا میری نظر میں اکثریتی فیصلہ غیر آئینی نہیں تھا،بعد ازاں عدالت نے سماعت ملتوی کردی۔