پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت میں ثقافتی اور تاریخی شعور اجاگر کرنے کا منفرد اقدام

لاہور (اپنے رپورٹر سے) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے آج پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت میں قائم کی جانے والی سوونیئر و ہینڈی کرافٹس شاپ کا افتتاح کر دیا۔ یہ شاپ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے زیراہتمام قائم کی گئی ہے، جس کا مقصد پنجاب کی ثقافتی ورثے، مقامی دستکاریوں اور اسمبلی کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین، صوبائی وزراءمجتبیٰ شجاع الرحمن اور ذیشان رفیق بھی سپیکر کے ہمراہ موجود تھے۔ اس موقع پر اراکین پنجاب اسمبلی اور پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے افسران کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے شاپ کے افتتاح کے بعد صوبائی وزراءکے ہمراہ ہینڈی کرافٹس شاپ کا معائنہ کیا اور وہاں رکھی گئی اعلیٰ معیار کی دستکاری اشیاءکو سراہا۔ سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ سوونیئر شاپ اسمبلی کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرنے اور وزٹرز و طلباءکو اسمبلی کی ثقافت سے جوڑنے کا نیا اور موثر ذریعہ ہے۔سپیکر نے اس اقدام کو چوہدری شافع حسین کا ”شاندار کارنامہ“ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی عمارت میں ہینڈی کرافٹس شاپ کا قیام نہ صرف ایک خوش آئند اقدام ہے بلکہ یہ اسمبلی اور عوام کے درمیان تعلق کو مضبوط بنائیگا۔ شاپ کی اپ گریڈیشن کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائیگا۔اس موقع پر صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پاکستان بالخصوص پنجاب کی ہینڈی کرافٹس دنیا بھر میں مشہور ہیں۔ دستکاری کے فن کی ترویج کیلئے دستکاروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں تاریخ کی پہلی شاپ کا قیام ایک سنگ میل ہے جو مقامی صنعت و ثقافت کو فروغ دے گا۔تقریب کے اختتام پر سپیکر ملک احمد خان نے اس شاپ کے قیام میں کردار ادا کرنے والی ٹیم کو مبارکباد دی اور توقع ظاہر کی کہ یہ اقدام پنجاب اسمبلی کے وقار اور مقبولیت میں مزید اضافہ کرے گا۔