چیف الیکشن کمشنر،ممبران کی تعیناتی معاملے پر سپیکر کا کمیٹی بنانے سے انکار


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سپیکر قومی اسمبلی نے چیف الیکشن کمشنر اور 2اراکین کی تعیناتی کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی بنانے سے انکار کر دیا۔

سردار ایاز صادق نے عمر ایوب کو خط کا باضابطہ جواب دیتے ہوئے واضح کیا کمیٹی وزیراعظم ،اپوزیشن لیڈر کی باہمی مشاورت سے ہی تشکیل دی جا سکتی ہے،آئینی طریقہ کار کے مطابق سپیکر کو براہ راست کمیٹی بنانے کا اختیارنہیں،آپ کے مطالبے پر عمل نہیں کر سکتا۔

دوسری جانب ترجمان قومی اسمبلی نے میڈیا پر چلنے والی خبروں پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہاسپیکر نے خط میں پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کےلئے طریقہ کار بتا یا ،اپوزیشن لیڈر کو جوابی خط میں کہا گیا وزیراعظم ،اپوزیشن لیڈر میں ناموں پر اتفاق نہ ہونے کی صورت میں معاملہ سپیکر کے پاس آئے گا۔

ترجمان قومی اسمبلی نے کہا وزیراعظم کی جانب سے سپیکر کو پارلیمانی لیڈرز سے پارلیمانی کمیٹی کے نام مانگنے کی درخواست کی جائے گی، سپیکر قومی اسمبلی پارلیمانی لیڈرز سے نام طلب کریں گے ، پارلیمانی لیڈرزکی جانب سے بھیجے گئے ناموں کو قومی اسمبلی میں موجود پارٹی نمائندگی کے مطابق شامل کیا جائے گاحکومت ،اپوزیشن دونوں کی جانب سے نام بھجوائیں جائیں گے تب کمیٹی بنے گی، کمیٹی کی تشکیل وزیراعظم ،اپوزیشن لیڈر کی مشاورت مکمل ہونے سے پہلے ممکن نہیں۔