محکمہ داخلہ پنجاب کی زیر نگرانی اداروں سے کروڑوں کا اسلحہ ،بارود غائب ،آڈٹ رپورٹ

لاہور (اپنے رپورٹر سے) محکمہ داخلہ پنجاب کی زیر نگرانی اداروں سے کروڑوں روپے مالیت کا اسلحہ اور بارود غائب ہوگیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب اسمبلی میں محکمہ داخلہ پنجاب کی آڈٹ رپورٹ میں حیران کن انکشافات سامنے آئے ہیں ۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب کی زیر نگرانی اداروں سے کروڑوں روپے مالیت کا اسلحہ اور بارود غائب ہوگیا، محکمہ داخلہ پنجاب کے 12ڈسٹرکٹ سے اسلحہ و بارود کی چوری، غائب ہونا اور عدم ریکوری سے متعلق رپورٹ جاری کردی گئی۔محکمہ داخلہ پنجاب کی آڈٹ رپورٹ کے مطابق 24کروڑ 55لاکھ سے زائد مالیت کا سامان غائب ہوا جس کی تاحال وصولی نہ ہو سکی، 2021-23کے دوران ڈی پی او مظفر گڑھ کے دفتر سے 8کروڑ 34لاکھ سے زائد اسلحہ و بارود غائب ہوا۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کے دفتر سے 4کروڑ 71لاکھ سے زائد مالیت کا اسلحہ اورگولیاں غائب ہوئیں، پولیس آفس لاہور سے 4کروڑ 68لاکھ سے زائد مالیت کے غائب اسلحہ کی ریکوری ابھی تک نہیں ہو سکی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ سی پی او ملتان کے دفتر سے 74لاکھ سے زائد مالیت کی رائفلیں اور گولہ بارود غائب ہوا، 2009 کے دوران سنٹرل جیل لاہور کے مختلف افسروں کو دی گئی رائفلوں کا ریکارڈ بھی موجود نہیں۔رپورٹ کے مطابق ڈی پی او سیالکوٹ 56لاکھ 14ہزار ، ڈی پی او ساہیوال 43لاکھ ،ڈی پی او اوکاڑہ 38لاکھ سے زائد مالیت کا اسلحہ اور سامان غائب ہوا۔اس کے علاوہ ڈی پی او گجرات کے دفتر سے 35لاکھ اور ڈی پی او فیصل آباد کے دفتر سے26لاکھ سے زائد مالیت کا اسلحہ اور گولہ بارود غائب ہوا۔ دوسری طرف سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں پولیس اور جیل خانہ جات کے زیر استعمال اسلحہ اور دیگر سامان کی عدم موجودگی بارے میڈیا رپورٹ کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیدیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب کے حکم پر ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ تین رکنی انکوائری کمیٹی کے سربراہ مقرر کیے گئے ہیں جبکہ ممبران میں ڈائریکٹر جنرل مانیٹرنگ اور ایڈیشنل سیکرٹری جوڈیشل محکمہ داخلہ شامل ہیں۔ انکوائری کمیٹی دس یوم میں انکوائری مکمل کر کے رپورٹ جمع کروانے کی پابند ہوگی۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے تمام متعلقہ محکموں کو آڈٹ رپورٹ میں دی گئی بے مبینہ بے ضابطگیوں پر فوری جواب جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ محکمہ داخلہ براہ راست اسلحہ ذخیرہ نہیں کرتا بلکہ یہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تحویل میں ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنے زیر استعمال اسلحے کے حوالے سے ذمہ دار اور جواب دہ ہیں۔ یار رہے کہ خبر میں بتائی گئی آڈٹ رپورٹ مالی سال 2021 سے 2024 کے متعلقہ ہیں۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ موصول ہونے پر ذمہ داران کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔