عید سے قبل عمران کی رہائی کیلئے پرامید،کارکن جذبات قابو میں رکھیں،بیرسٹر گوہر


اسلام آباد،پشاور:(بیورورپورٹ)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہاہے عید سے قبل عمران کی رہائی کیلئے پرامید،کارکن جذبات قابو میں رکھیں۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہامجھے امید ہے کیس فکس ہو جائےگا،بانی پی ٹی آئی کی رہائی کےلئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں،دھرنے ،احتجاج کیے، اسمبلی میں بھی بات کر رہے ہیں،کارکنوں کی جانب سے سوالات اٹھانا ٹھیک ہے مگرجذبات کوقابو میں رکھاجائے،کوئی بھی تصور نہیں کر سکتا عمران خان نے 2 سال جیل میں کیوں گزارے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا2سالوں سے لوگ برداشت کرتے کرتے تھک گئے اور ججز بھی فیصلہ لکھتے لکھتے تھک گئے ،کوشش کر رہے ہیں بانی پی ٹی آئی کے کیسز لگیں اور میرٹ پر فیصلے ہوں۔

سینٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہاعمران خان کی رہائی ہوتے ہی پیپلز پارٹی ، ن لیگ کی حکومت ختم ہو جائے گی، 26ویں ترمیم پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی مرہون منت ہے، دونوں جماعتوں نے اپنی سیاست تباہ کر دی ،کسی کےلئے انصاف کے دروازے بند ہونے سے عدم استحکام ہوگا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی نے احتجاجی تحریک کی قیادت کےلئے ایک بار پھر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور پر اعتماد کا اظہار کردیا،صوبائی صدر اور چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی جنید اکبر نے کہا پارٹی نے فیصلہ کیا ہے نئی احتجاجی تحریک کی قیادت علی امین گنڈاپور کریں گے لیکن مختلف وقتوں میں مختلف افراد لیڈ کریں گے، کسی ایک بندے پر بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔

جنید اکبر نے کہااحتجاج سے پہلے صوابی یا پھر مارگلہ کے پہاڑوں میں ٹینٹ ویلیج بنا کر جمع ہوں گے پھراسلام آباد کی جانب بڑھیں گے،اسلام آباد اور تمام شہروں میں دھرنا ایک ساتھ ہوگا۔