نفرتوں کی بجائے محبت، برداشت ، رواداری کو فروغ دینا ہوگا، پرویزاشرف


گوجر خان:(نمائندہ مشرق)سابق وزیر اعظم و پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے وطن عزیز کی ترقی،خوشحالی اور دفاع کےلئے قومی اتحاد، یکجہتی، اور رواداری وقت کی اہم ترین ضرورت ہیں، پاکستان شناخت اور بقا کی علامت ہے،ملک ہے تو سب ہیں، جو لوگ وطن کےخلاف باتیں کرتے ہیں یا کسی بھی قسم کی سازشوں میں ملوث ہوتے ہیں وہ کسی صورت وفادار نہیں ہو سکتے۔

سابق وزیر اعظم نے حالیہ بھارتی اشتعال انگیزی کا ذکر کرتے ہوئے کہا دشمن کی جارحیت کا افواج پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا جس پر پوری قوم نے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر ثابت کیا پاکستانی قوم دشمن کے ہر وار کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے،موجودہ حالات میں قومی یکجہتی، سیاسی استحکام، اور جمہوری تسلسل ہی وہ راستے ہیں جو پاکستان کو ایک مضبوط، خودمختار اور ترقی یافتہ ریاست بنا سکتے ہیں۔