9مئی اور بھارتی حملے میں کوئی فرق نہیں، نوجوان فتنے سے دور رہیں،مریم نواز

لاہور،سرگودھا،فیصل آباد :(اپنے رپورٹر سے،ڈسٹرکٹ رپورٹر،بیورورپورٹ)وزیراعلی پنجاب مریم نوازنے یونیورسٹی آف سرگودھا میں لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالر شپ کی تقریب سے خطاب میں اہم اعلانات کر دئیے، مریم نواز نے اگلے سال سے ہونہار سکالرشپ کی تعداد مزید بڑھانے ،پنجاب کے سکولوں میں 50ہزار نئے کلاس روم بنانے، ہر سرکاری سکول میں ٹائلٹ اور دیگر سہولتیں فراہم کرنے ،6 ہزار سرکاری سکولوں میں اے آئی، کمپیوٹر لیب ، تمام سرکاری سکولوں میں چیئر، ڈیسک اور دیگر فرنیچر کی فراہمی ،طلبہ کی الیکٹر ک بائیکس کےلئے چارجنگ سٹیشن قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔

مریم نواز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا9مئی اور بھارتی حملے میں کوئی فرق نہیں، نوجوان فتنے، فساد کا ایندھن بننے سے دور رہیں،شخصیات سے اختلاف ہوسکتا ہے ملک سے نہیں، سیاسی جہدوجد میں ہم نے بھی اختلاف کیا مگر ملک کےخلاف نہیں گئے، سیاسی تعصب سے بالا تر ہو کر سوچیں شہدا کی یاد گاریں اور عسکری تنصیبات جلانا کہاں کی سیاست ہے؟، جس طرح لیپ ٹاپ میں وائرس کا خیال رکھا جاتا ہے اسی طرح ملک کو سنبھال کر رکھنا ہے کہی کوئی سیا سی وائر س نہ آجائے، ہر تقریب میں کہتی ہوں،آپ کے والدین کی محنت کی کمائی ہے، کسی کا آلہ کار بن کر ضائع نہ کریں، سرکاری سکولوں کے طلبہ کو پرائیویٹ سکولوں کے برابر یابرتر دیکھنا چاہتی ہوں، میرا وزیر اعلیٰ بننا پنجاب کے تمام بیٹے اوربیٹیوں کےلئے اعزاز ہے،بیٹی بہادر ہوتو آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا،نوازشریف کی بیٹی ہوں جو وعدہ کرتی ہوں پورا کرتی ہوں۔

وزیراعلیٰ نے سرگودھا کے سب سے بڑے نوازشریف فلائی اوور ہیڈ برج کا افتتاح بھی کردیا،صوبائی وزیر صہیب احمد بھرتھ نے نواز شریف فلائی اوور کے متعلق وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا نواز شریف فلائی اوور ہیڈ برج منصوبے کو 8 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا، مریم نواز نے فلائی اوور کا معائنہ کیا اور تعمیراتی معیار کو سراہا۔

دریں اثنا مریم نواز نے فیصل آباد کے شہریوں کی سفری مشکلات کے پیش نظر بی آر ٹی کے تحت میٹرو بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا، گیم چینجر پراجیکٹ کے تحت شہر میں 2 روٹس پر اورنج لائن اور ریڈ لائن میٹرو بس سروس شروع کی جائیں گی،صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ پنجاب بلال اکبر خان اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ عمران سکندر بلوچ نے فیصل آباد کا دورہ کرکے میگا پراجیکٹ بارے نیسپاک کی ٹیم سے بریفنگ لی۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز نے ملتان، ڈیرہ غازی خان میں شدید ہیٹ ویو کے پیش نظر متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ رہنے، لاہور، فیصل آباد اور سرگودھا میں بھی ممکنہ ہیٹ ویو پیش نظر متعلقہ ریسکیو اداروں کو انتظامات مکمل کرنے ، فارمز کو مویشیوں کےلئے سایہ اور وافر پانی مہیا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام سرکاری ونجی اداروں میں اوپن ایئر سرگرمیاں معطل کرنے ،فرسٹ ایڈ باکس کی موجودگی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔