پنجاب پولیس کے 2افسروں نے عالمی ایوارڈ ز جیت لئے

لاہور: (کرائم رپورٹر) پاکستانی خاتون پولیس افسر نے ورلڈ پولیس سمٹ کا بین الاقوامی ایوارڈ جیت لیا،اے ایس پی انعم شیر خان کو کریمینل انوسٹی گیشن کیٹیگری میں اول پوزیشن حاصل کرنے پر ایوارڈ دیا گیا۔ جبکہ ڈی پی او قصور عیسیٰ خان کو پولیسنگ میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے بہترین استعمال کی کیٹیگری میں اعلی کارکردگی پر دوسری پوزیشن کا حقدار قرار دیا گیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کمانڈر انچیف دبئی پولیس نے ورلڈ ٹریڈ سنٹر دبئی میں منعقدہ تقریب میں اے ایس پی انعم شیر خان کو بین الاقوامی ایوارڈ سے نوازا، ورلڈ پولیس سمٹ ایوارڈز کیلئے 192 ممالک کے پولیس افسران کی مختلف کیٹیگریز میں غیر معمولی کارکردگی زیر غور آئی،اے ایس پی انعم شیر خان ملک بھر کی نمائندگی کرتے ہوئے اول پوزیشن حاصل کرکے پولیس سمٹ ایوارڈ کیلئے منتخب ہوئیں۔

ورلڈ پولیس سمٹ دنیا بھر میں پولیس لیڈرز کے حوالے سے سب سے بڑی، موثر اور پروفیشنل تنظیم ہے، دنیا بھر سے ہر سال اپنے اپنے شعبوں میں تعمیر وترقی، قائدانہ کردار کے مالک پولیس افسران کا انتخاب کیا جاتا ہے، ایوارڈز کمیٹی نے سخت ترین سکروٹنی، انٹرویو کے بعد پنجاب پولیس کے 2 افسران کو ایوارڈ ونرز کے طور پر شارٹ لسٹ کیا تھا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اے ایس پی انعم شیر خان کو دنیا بھر میں پاکستان اور پنجاب پولیس کا نام روشن کرنے پر مبارکباد اور شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کے افسران کا عالمی سطح پر اعزازات کیلئے منتخب ہونا پاکستان پولیس سروس کیلئے فخر کی بات ہے، اے ایس پی انعم شیرخان جیسی باصلاحیت افسران مستقبل میں پولیس لیڈر شپ کیلئے اہم کردار ادا کریں گی۔