انصا ف کے تقاضے پورے ہونے کی یقین دہانی پر امریکی ثالثی کو قبول کیا :رانا تنویر

مریدکے (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین نے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری رانا احمد عتیق انور اور دیگر کے ہمراہ بھارتی حملے سے متاثرہ مسجد ام القری ننگل کا دورہ کیا ۔رانا تنویر حسین نے حملے میں شہید مولانا عبدالمالک کے بیٹے اوربھائی سے بھی ملاقات کر کے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔اس موقع پر رانا تنویر حسین نے کہا کہ مودی امریکہ کے پاﺅں پڑا کہ ثالثی کراﺅ، جب میز پر بیٹھیں گے تو سندھ طاس معاہدہ اوربلوچستان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کے ناقابل تردید ثبوت امریکہ کے سامنے رکھیں گے ،یہ مسئلے حل ہوںگے تو بات آگے بڑھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مودی کا چہرہ ساری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے ،اس نے بھارت مقبوضہ کشمیر اورمسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوںکے خون سے ہولی کھیلنا معمول بنا رکھا ہے ،پہل گام جیسا جھوٹا واقعہ بنا کر پاکستان پر الزام لگادیا ،پاکستان نے اقوام متحدہ سمیت دنیا بھر کوپیشکش کی کہ انکوائری کرلی جائے ،مودی جھوٹا رہا ،اس نے پاکستان پر میزائل داغے ،ڈرونز سے حملے کئے اوربے گناہ شہریوں کو شہید کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دنیا سے اپیل کی کہ مودی کو سمجھایا جائے کہ خطے کا امن تباہ نہ کرے مگر وہ پھر بھی باز نہ آیا اور اس نے اہنے ملک میں خود حملے کرکے پاکستان پر حملے جاری رکھے ،اسے کیا معلوم تھا 25 کروڑ پاکستانی پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں ،پاکستان کی پروفیشنل فوج ہر جارحیت کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔نوازشریف کی ہدایت پر وزیر اعظم شہباز شریف نے صبر کا دامن نہ چھوڑا ،کامیاب سفارتکاری جاری رکھی ،جب پھر بھی مودی باز نہ آیا تو پھر دنیا نے دیکھا آرمی چیف سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے بھارت کو ایسا منہ توڑ جواب دیا کہ اس کی آنے والی نسلیں بھی اسے یاد رکھیں گی ،اس کے جدید ترین رافیل طیارے گرانے کا اعزاز پاکستان نے اپنے نام کیا ،مودی نے چوبیس گھنٹے بھی نہ نکالے اور امریکہ کے پاﺅں جاپڑا کہ ہمیں پاکستان سے پچاﺅ،امریکی ثالثی کو پاکستان نے اس یقین دہانی پرقبول کیا کہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے ، پاکستان کے پاس بلوچستان میں ہونے والی دہشتگردی کے واقعات میں بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں ،بھارت سندھ طاس معاہدے پر بھی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہا ہے یہ مسئلے حل ہوں گے تو بات آگے بڑھے گی۔